عراق خودکش دھماکوں میں 8 ایرانی زائرین سمیت 83 افراد کی شہادت کی تصدیق + تصاویر


عراق خودکش دھماکوں میں 8 ایرانی زائرین سمیت 83 افراد کی شہادت کی تصدیق + تصاویر

عراق میں دو حملوں کے نتیجے میں 8 ایرانی زائرین سمیت کم سے کم 83 افراد شہید اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں میں بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی محکمہ برائے امور حج و زیارات نے عراق خودکش حملوں میں اپنے 8 زائرین کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حملے گزشتہ شام کو بغداد سے 200 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر ناصریہ میں ہوئے، ایک حملہ ریسٹورنٹ اور ایک دھماکا چیک پوائنٹ پر ہوا۔

ضلعی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ریسٹورنٹ پر حملہ اس وقت ہوا جب زائرین دوپہر کے کھانے کے لیے ہوٹل میں موجود تھے، فوجی وردی میں ملبوس ایک دہشت گرد نے ہوٹل میں داخل ہوکر فائرنگ شروع کردی، اس وقت وہاں عراقی اور ایرانی زائرین موجود تھے جو کربلا اور نجف جارہے تھے کچھ ہی لمحے بعد ہوٹل کے نزدیک واقع چیک پوسٹ پر ایک خودکش بمبار نے ایک کار کو چوکی کے نزدیک دھماکے سے اڑا دیا۔

پولیس کرنل نے خبر رساں ادارے رائٹر کو بتایا کہ کئی مسلح افراد ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے جنہوں نے ہینڈ گرنیڈز پھینکے اور فائرنگ کی بعدازاں ایک خودکش حملہ آور نے ریسٹورنٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ضلعی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جسیم الخالدی نے بتایا کہ دونوں دھماکوں میں اب تک 83 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی بڑی تعداد علیحدہ ہے، زیادہ ہلاکتیں ریسٹورنٹ کے اندر ہوئیں۔

پولیس اور وزاررت صحت کے مطابق حملہ اہل تشیع افراد کی جانب سے استعمال کیے جانے والے اس راستے پر ہوا جس کے ذریعے وہ مقدس مقامات کی زیارات کے لیے جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق داعش نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے آن لائن اپنا بیان جاری کردیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری