پاکستان میں پیٹرول غائب جبکہ حکومت نے عوام پر بجلی بم بھی گرادیا


پاکستان میں پیٹرول غائب جبکہ حکومت نے عوام پر بجلی بم بھی گرادیا

عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں کے اضافے کے سبب جہاں پاکستان میں صرف 6 روز کیلئے پیٹرول کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے وہیں حکومت نے عوام پر بجلی بم گراتے ہوئے بجلی کی قیمت 3 روپے 90 پیسے فی یونٹ تک بڑھا دی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں پٹرول کی شدید قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ملک میں صرف 6 روز کیلئے پٹرول کا ذخیرہ باقی رہ گیا، پٹرول کی قلت کے باعث شہری خوار اور گاڑیاں بند ہونے لگیں، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ممکنہ بحران کی ذمہ داری وزارت پٹرولیم اور اوگرا پر ڈال دی۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں اضافے کے بعد نجی پیٹرولیم کمپنیوں نے پیٹرول اسٹاک کرلیا۔ لاہور شہر کے بیشتر پیٹرول پمپس پر پیٹرول نایاب ہوگیا۔ شہری پیٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔

لاہور شہر میں پیٹرول کا جزوی بحران شروع ہوگیا ہے۔ شہر کے بیشتر فلنگ اسٹیشنز پر پیٹرول نایاب ہوچکا ہے۔ کہیں پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب ہے تو کہیں پیٹرول پمپس بند پڑے ہیں۔ جو پمپس کھلے ہیں وہاں پر پٹرول لینے والوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بحران کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب بجلی کے صارفین کے لئے 5 سالہ ٹیرف کی منظوری دے دی گئی۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت 3 روپے 90 پیسے فی یونٹ تک بڑھا دی۔ ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کے ٹیرف میں 60 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔ 200 یونٹ والے صارفین کیلئے بجلی 3 روپے 90 پیسے مہنگی کر دی گئی۔ 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کا ٹیرف 1.50 روپے فی یونٹ مہنگا کر دیا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری