تمام مکاتب فکر جیو اور جینے دو کی روش اختیار کریں، شاہ اویس نورانی


تمام مکاتب فکر جیو اور جینے دو کی روش اختیار کریں، شاہ اویس نورانی

جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا اس بیان کیساتھ کہ جے یو پی محرم کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کرے گی، کہا کہ تمام مکاتب فکر جیو اور جینے دو کی روش اختیار کریں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے لاہور میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جے یو پی محرم کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کرے گی، تمام مکاتب فکر جیو اور جینے دو کی روش اختیار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ محرم میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام مسالک کے علماء اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، منبر و محراب سے امن و محبت کا پیغام دیا جائے۔

شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ حسینیت اور یزیدیت کی جنگ آج بھی جاری ہے۔ امریکہ دور حاضر کی یزیدی قوتوں کا سرغنہ ہے۔ پیغام حسین کا اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ مستحکم جمہوریت کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے، ملکی سلامتی اور قومی مفاد کے معاملات پر سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہو جائے تو کوئی ہمارے کردار پر انگلی نہ اٹھائے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلامی انتہا پسندی کیخلاف بات کرنیوالے ٹرمپ کو ہندو، یہودی اور عیسائی انتہا پسندی کیوں نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ ٹھوس حکمت عملی کے تحت دنیا کو بھارت کی پاکستان میں مداخلت سے آگاہ کرنا ہوگا، بھارت بلوچ علیحدگی پسندوں پر بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے، سوئٹزر لینڈ کی سرزمین کا آزاد بلوچستان کی مہم کیلئے استعمال ہونا افسوسناک ہے، ملک کی مضبوطی جمہوریت اور آئین کی پاسداری میں ہے، اعتماد سازی اور بدگمانی کے خاتمے کیلئے پاک افغان مذاکرات اور باہمی رابطے ضروری ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری