بے پناہ جانی و مالی نقصانات اٹھانے کے باوجود عالمی میڈیا پاکستان کا خوبصورت چہرہ دکھانے سے گریزاں !


بے پناہ جانی و مالی نقصانات اٹھانے کے باوجود عالمی میڈیا پاکستان کا خوبصورت چہرہ دکھانے سے گریزاں !

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ جانی و مالی نقصانات اٹھائے تاہم عالمی میڈیا پاکستان کا خوبصورت چہرہ دکھانے سے گریزاں ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق نیویارک میں پاک امریکا بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ  2013 میں جب حکومت سنبھالی تو حالات بہت مشکل تھے اور پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ جانی و مالی نقصانات اٹھائے لیکن پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں اور آج پاکستان کی شرح نمو5.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے جب کہ گزشتہ 4 سالوں میں توانائی کے شعبے میں بہت سے اقدامات کئے۔ اس کے علاوہ حکومتی اقدامات کے باعث ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین مارکیٹس میں سے ایک بن چکی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن اور جمہوریت کا ماحول چل رہا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے لہذا امریکی کمپنیاں پاکستان میں معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی لیکن عالمی میڈیا پاکستان کی درست صورتحال نہیں دکھا رہا۔ افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کے حل کے لئے امریکا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم ان دنوں نیویارک میں موجود ہیں جہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اور وزیراعظم پاکستان کل بروز جمعرات جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری