کرد ریفرنڈم غیر قانونی اور ناقابل قبول ہے، ترکی


کرد ریفرنڈم غیر قانونی اور ناقابل قبول ہے، ترکی

ترک صدر رجب طیب اردغان کا کہنا ہے کہ کردستان ریفرنڈم خطے کی سلامتی کے لئے خطرناک ہے۔

تسنیم نیوز نے المیادین کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک صدر کا کہناہےکہ عراقی کردوں کو یہ تک معلوم نہیں ہے کہ حکومت کس طرح تشکیل دی جاتی ہے، ایسی حالت میں آزادی کے لئے ریفرنڈم پورے خطے کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بغداد کردوں کے ٹرکوں کو شمالی عراق کی طرف جانے سے روک دے تو سارے کرد بھوک سے مر جائیں گے۔

ترک رہنما کا کہنا ہے کہ اگر ترکی کردوں کے لئے تیل کی ترسیل روک دے تو کردوں کا دیوالیہ ہوجائے گا۔

ترک صدر نے مزید کہا کہ شمالی عراق میں ریفرنڈم خطے میں نئے تنازعے کی ابتداء ہے۔

ادھر عراق کے صدر معصوم فواد نے بھی کردستان میں ہونے والے ریفرنڈم کو یکطرفہ اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب حکومت عراق نے کردستان کے حکام کی جانب سے ریفرنڈم کے انعقاد کو منسوخ نہ کرنے کے ردعمل میں ہمسایہ ممالک اور دنیا سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ وہ کردستان کے علاقے سے ملحقہ زمینی اور فضائی سرحدوں کو بند کردیں۔

عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کی سربراہی میں قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کے اختتام پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ کردستان تمام سرحدی اور ہوائی اڈوں سے متعلق محکموں کے اختیارات کو عراق کی مرکزی حکومت کو واپس کردے۔

حیدر العبادی نے عراقی علاقے کردستان کے صدر مسعود بارزانی کے ریفرنڈم کرانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کردستان میں ریفرنڈم کا انعقاد آئین کی خلاف ورزی ہے اور حکومت بغداد اسے مسترد کرتی ہے۔

ترک پارلیمنٹ نے اس ریفرنڈم سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کے لیے سرحدی علاقوں میں فوجی مداخلت کی اجازت کا بل بھی منظور کر لیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے کردستان جانے والی فضائی پروازیں روک دی ہیں۔

مغربی ممالک نے بھی اس ریفرنڈم پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ۔

کردستان کے حکام کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم میں 72.16 فیصد لوگوں نے حصہ لیا ہے اور آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

کرد حکام کا کہنا ہے کہ کل ووٹرز کی تعداد 4میلین 5لاکھ 81ہزار 255 تھی، جن میں سے 3میلین 3لاکھ 925 ووٹ کاسٹ کئے گئے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری