مقامی صارفین کا ڈیٹا جمع کرنا بند نہ کیا تو فیس بک پر پابندی عائد کی جائیگی، روس


مقامی صارفین کا ڈیٹا جمع کرنا بند نہ کیا تو فیس بک پر پابندی عائد کی جائیگی، روس

روس کی حکومت نے فیس بک سمیت تمام سماجی رابطے کی ویب سائٹ کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے مقامی صارفین کا ڈیٹا جمع کرنے کا عمل ختم نہ کیا تو 2018 تک پابندی عائد کردی جائے گی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطبق روسی حکام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیس بک انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی کہ فیس بک انتظامیہ روسی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صارفین کا ڈیٹا جمع کررہی ہے، اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو 2018 میں ویب سائٹ پر مکمل پابندی عائد کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیٹا جمع کرنے کے خلاف روس کی پارلیمنٹ سے قانون منظور کیا جاچکا ہے اور اب جو ویب سائٹ اس کی پابندی نہیں کرے گی اُسے بند کردیا جائے گا۔

روسی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسمبلی سے منظور شدہ قانون کو جلد نافذ العمل کیا جائے گا جس کے لیے تمام ٹیلی کمیونیکشن اداروں اور سرکاری محکموں کو ہدایت جاری کی گئیں ہیں کہ وہ ٹوئٹر اور فیس بک انتظامیہ کو صارفین کا ڈیٹا جمع کرنے سے روکیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جو کمپنی قانون پر عمل نہیں کرے گی اُسے سماجی ویب سائٹ لنکڈان کی طرح بند کردیا جائے گا اور اب اس معاملے میں کسی بھی کمپنی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخابات میں امریکی حکام نے الزام عائد کیا تھا کہ روس کی جانب سے ٹرمپ مخالف امیدوار ہیلری کلنٹن کی سوشل میڈیا پر انتخابی مہم چلائی گئی۔ فیس بک انتظامیہ نے امریکی حکام کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیس بک کی جانب سے سخت مانیٹرنگ کی گئی مگر ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آسکا۔

یاد رہے کہ روس میں مارچ 2018 میں صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں، روسی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے پیوٹن مخالف امیدوار لانے کے لیے فیس بک پر مہم چلائی جاسکتی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری