پنجاب؛ بلیو وہیل گیم کے جھانسے میں آنے والی دو طالبات کو کالج سے فارغ کردیا گیا


پنجاب؛ بلیو وہیل گیم کے جھانسے میں آنے والی دو طالبات کو کالج سے فارغ کردیا گیا

خونی کھیل بلیو وہیل پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب بھی پہنچ گیا جہاں کالج کی دو طالبات اس کے جھانسے میں آگئیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پنڈ دادن خان میں بلیو وہیل گیم کی شکار 2 طالبات پکڑی گئیں۔ دونوں طالبات نے تیز دھار آلے سے اپنے بازؤں پر زخم کئے تھے۔ ان میں سے ایک طالبہ بلیو وہیل گیم کے اٹھارویں اور دوسری بائیسویں راؤنڈ تک پہنچ چکی تھی۔ بلیو وہیل گیم کھیلنے والی طالبات کی شناخت وردہ اور مناہل کے نام سے ہوئی ہے۔ وردہ سیکنڈ ایئر جبکہ مناہل فرسٹ ایئر کی طالبہ ہے۔

کالج کی پرنسپل نے بتایا کہ انہوں نے دونوں طالبات کے والدین کو کالج طلب کر کے صورتحال سے آگاہ کیا اور دونوں طالبات کو کالج سے نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طالبات کو کالج سے نکالنے کا مقصد یہ ہے کہ ان کی وجہ سے دیگر طالبات بھی اس خونی کھیل کا شکار نہ ہوجائیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی ایک طالب علم بلیووہیل گیم کا شکار ہو چکا ہے تاہم اب تک پاکستان میں اس کھیل کی وجہ سے کسی کی موت کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔ بلیو وہیل گیم نے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے اور اب تک دنیا بھر میں متعدد نوجوان اس کے شکنجے میں آکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری