ملک بھر میں نویں محرم کے جلوس برآمد


ملک بھر میں نویں محرم کے جلوس برآمد

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نویں محرم الحرام کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں اور مجالس عزا برپا کی جا رہی ہیں، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متعدد شہروں میں موبائل فون سروس بند ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ملک بھر کے مختلف شہروں خاص کر کراچی، کوئٹہ، پشاور، حیدرآباد، لاہور،ڈیرا اسماعیل خان،جھنگ، پیشاور، کوہاٹ، گلگت، اسکردو، روالپنڈی، چکوال، مظفرآباد وغیرہ  میں نویں محرم الحرام کے جلوس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔

 حکومت نے عزاداروں کی حفاظت کی خاطر جلوس کے گذر گاہوں اور ملحقہ سڑکوں کو کنٹینر رکھ کر بند کردیاہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جلوس کے روٹ پر آنے والے بازار اور دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے اورسڑکوں پر موجود تمام مالک مکانات سے حلف نامہ لیا گیا ہے کہ کسی مکان یا دکان میں ناخوشگوار واقعہ کا ذمہ دار دکانداریا مالک مکان ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نشتر پارک میں مجلس عزا کے بعد 9ویں محرم کا جلوس ایک بجے دوپہر برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں حال پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لئے 18 ہزار سے زائد پولیس نفری تعینات ہے۔ مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناءعشری جی سکس سے دن ڈیڑھ بجے برآمد ہوگا۔ جلوس کے راستوں پر جیمرز لگا کر موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔ دس مقامات پر کنٹینرز لگا کر جلوس کے داخلی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں۔

لاہور میں مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے مختلف مقامات سے شبیہ ذوالجناح کے جلوس بھی برآمد ہو رہے ہیں۔ نکلسن روڈ پر شبیہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا ہے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر بند ہے۔

 ملتان میں 186مجالس جبکہ علم اور ذوالجناح کے 82 جلوس برآمد ہونگے۔

پشاور میں نویں محرم کا سب سے بڑا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوگا اور جلوس کی گزرگاہ کو سراغرساں کتوں اور جدید آلات کے ذریعے کلیئر کرایا گیا ہے،عمارتوں کی چھتوں سے بھی جلوس کی گزرگاہوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ کینٹ میں موبائل سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔

کوئٹہ میں دوپہر کے وقت میکانگی روڈ پر واقع امام بارگاہ ناصرالعزاءسے ذوالجناح برآمد ہوگا۔صوبائی دارلحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور کوئٹہ سمیت 8 اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

 

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری