عالم انسانیت اور بالخصوص ہمارے گوناں گوں مسائل کا حل کربلا میں مضمر ہے


عالم انسانیت اور بالخصوص ہمارے گوناں گوں مسائل کا حل کربلا میں مضمر ہے

 صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان نے پوری قوم پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ دور میں وطن عزیز اور قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر فروعی، مسلکی، لسانی و دیگر اختلافات کو بھلا کر اپنے اندر ایثارو قربانی، مساوات، رواداری، اتحاد اور نظم و ضبط جیسے اعلٰی اوصاف کو فروغ دیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ان عناصر کو پہچاننا ہوگا جو ہمارے معاشرے کے وجود اور اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،آج ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ہم ان پر اپنے اند ر اتحاد و اتفاق سے ہی قابو پاسکتے ہیں اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد مناتےہوئےاس کے مقاصد کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔ اس میں عالم انسانیت اور بالخصوص ہمارے گو ناں گوں مسائل کا حل مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ کربلا کا سبق ہے کہ معاشرے اور ریاست کے معاملات چند افراد کی خواہشات کے تابع نہیں کیے جا سکتے۔ شہادت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور ہر سال اسلامی تاریخ کے اس لازوال واقعے کی یاد دلاتا ہے۔ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم و جبر کی اطاعت کرنے کے بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور حق و صداقت کا علم سر بلند کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یوم عاشورامام عالی مقام اور ان کے عظیم رفقاء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے اور اپنے مذموم مقاصد کے مظلوموں کے خون کی ہولی کھیلنا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے باہمی اختلافات، تنگ نظری اور فرقہ واریت کو بھلا کر اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے اپنی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بحثیت مسلمان یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اُن طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معاشرے میں انتشار پھیلا رہی ہیں۔

سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کو چاہیے کہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف مزاحمت کے لئے امام حسین علیہ السلام کی پیروی کریں کیونکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی، زیادتی، جھوٹ اور ناانصافی کے خلاف ہر قیمت پر اور ہر صورتحال میں مزاحمت کے لئے تھی۔آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ظالم کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری