افغانستان؛ شیعہ مساجد پر خودکش حملوں میں شہداء کی تعداد 72 ہوگئی


افغانستان؛ شیعہ مساجد پر خودکش حملوں میں شہداء کی تعداد 72 ہوگئی

افغانستان کے دارالحکومت کابل اور غور کی شیعہ مساجد پر ہونے والے خودکش حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کابل کی امام زمان عج نامی مسجد میں خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 39 نمازی شہید اور 45 شدید زخمی ہوگئے۔  

افغانستان کی وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق کابل کی ایک شیعہ مسجد پر خودکش حملے میں 39 افراد شہید اور 45 زخمی ہو گئے ہیں۔

افغانستان کے علاقے غور میں واقع ایک اور مسجد میں بھی خودکش دھماکہ کیا گیا جس سے مزید 33 افراد شہید اور 10 زخمی ہوگئے۔

کابل پولیس کے ترجمان عبدالبصیر مجاہد کا کہنا ہے کہ مسجدِ امام زمان عج پر پہلے خودکش حملہ کیا گیا جس کے بعد باہر سے دستی بم بھی پھینکے گئے جس کی وجہ سے شہادتیں زیادہ ہوئیں۔

واضح رہے کہ مساجد میں ہونے والے خودکش دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم افغان وزارت دفاع اور بھارت نے دھماکوں کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں حالیہ دھماکوں سے واضح ہوجاتا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم نہیں ہوئے۔

خیال رہے کہ جب بھی افغانستان میں کسی قسم کا کوئی ناگوار واقعہ پیش آتا ہے تو کابل حکام تمام تر ذمہ داری پاکستان پر عائد کرکے اپنے شانے خالی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں مہینے میں افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات میں حد سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں افغان شہری خاک وخون میں غلطاں ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان کے صوبے قندھار میں افغان نیشنل آرمی کے ایک بیس کیمپ پر خود کش حملے کے نتیجے میں 41 اہلکار ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے تھے۔
جنوب مشرقی صوبے پکتیا میں قائم پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے خود کش حملے اور مسلح جھڑپ کے نتیجے میں32 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری