جنوبی افغانستان کے شہر "چارچینو" پر طالبان کا حملہ، قبضے کا قوی امکان


جنوبی افغانستان کے شہر "چارچینو" پر طالبان کا حملہ، قبضے کا قوی امکان

مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ طالبان نے شہر چارچینو کے پولیس مرکز سمیت سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا ہے اور پورا شہر کسی بھی وقت حکومت کے کنٹرول سے نکل سکتا ہے۔

تسنیم نیوز نے ''نن تکی آسیا''  کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان نے گزشتہ رات ارزگان صوبے کے چارچینو نامی شہر پر حملہ کرکے پولیس کے مرکز اور متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کے مسلح افراد شہر کے مرکز کی طرف نہایت تیزی کے ساتھ پیشقدمی کررہے تھے تاہم افغان فضائیہ کی مداخلت کے بعد پیش قدمی رک گئی ہے۔

چارچینو کے مکینوں کا کہنا ہے کہ شہر کے بیشتر حصوں پر طالبان کا قبضہ ہوچکا ہے۔

دوسری جانب افغان حکام نے چارچینو نامی شہر پر طالبان کے حملوں کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن بعض سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں کم ازکم 15 افغان فوجی ہلاک اور 6 شدید زخمی ہوگئے ہیں جبکہ طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان نے پولیس کے 7 اہم مراکز پر قبضہ کرکے 22 سیکورٹی فورسز کو ہلاک کردیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ اور افغانستان طالبان کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم طالبان کی جانب سے آئے روز کسی نہ کسی شہر پر حملہ کرکے قبضہ کیا جاتا ہے۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی بڑھتی ہوئی تحریک اور حملوں سے واضح ہوتا ہے کہ طالبان مذاکرات پر کسی بھی صورت میں آمادہ نہیں ہونگے۔

یاد رہے کہ ایک ہفتے کے مختصر عرصے میں طالبان نے بم دھماکے اور حملے کرکے کم ازکم 500 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری