داعش کے لئے افغانستان ہی کافی ہے، خواجہ آصف


داعش کے لئے افغانستان ہی کافی ہے، خواجہ آصف

وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ داعش کے لیے افغانستان ہی کافی ہے اس کےلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ افغانستان کے 45 فیصد علاقے پر داعش کا قبضہ ہے اور وہی ان کے لئے کافی ہے اور انہیں پاکستان کی ضرورت ہی نہیں ہے۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے خطرناک دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا ہے جس کی وجہ سے ملک پر غیر ملکی ڈرون حملوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

انہوں نے افغان حکام کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی موجودگی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے ہوتے ہوئے داعش کو پاکستان کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ افغانستان کے 45 فیصد علاقے پر داعش کا قبضہ ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سیکیورٹی ادارےدہشت گردوں کےخلاف کامیاب آپریشن کررہے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے زیادہ ترمحفوظ ٹھکانے افغانستان میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کسی ملک کا کردارپاکستان سے بڑھ کرنہیں ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان، بھارت اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے ہیں اور دہشت گرد پاکستانی سرزمین کو افغانستان کے خلاف استعمال کررہے ہیں۔

افغان حکام نے خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی پر بارہا الزام لگایا ہے کہ وہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری