افغان صدر کی پاکستان کو وسطی ایشیا تک رسائی روکنے کی دھمکی


افغان صدر کی پاکستان کو وسطی ایشیا تک رسائی روکنے کی دھمکی

افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ ان کا ملک سی پیک میں شامل ہونے کے لئے تیار ہے لیکن پاکستان کو بھی چاہئے کہ وہ افغانستان کو ہندوستان تک رسائی دے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق  افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہےکہ ان کا ملک سی پیک میں شامل ہونے کے لئے تیار ہے لیکن پاکستان کو بھی چاہیے کہ افغانستان کو بھارت تک سی پیک کے ذریعے رسائی دے اور اگر پاکستان نے رسائی نہ دی تو افغانستان بھی پاکستان کی وسطی ایشیا تک رسائی کو روک دےگا۔

افغان صدر ہندوستان کے دورے کے دوران نئی دہلی میں ویویکانندا انٹرنیشنل فاونڈیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ اس طرح کے بیانات ان کوششوں کو سبوتاژ کر سکتے ہیں جو پچھلے ہفتے عمان کے شہر مسقط میں افغانستان امن مذاکرات کو بحال کرنے حوالے سے امریکہ، چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوئی ہیں۔ 

افغان صدر کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان کو ہر قسم کی لوجسٹک معلومات فراہم کردی ہیں اب پاکستان کیا کرتا ہے اس کے بعد ہی ہم اپنا رد عمل دیں گے۔

افغان صدر اشرف غنی نے اپنی گفتگو کے دوران ٹرمپ کی جنوبی ایشیا کے بارے میں  نئی پالیسی کو انتہائی اہم اور گیم چینجر قرار دیا۔

افغان صدر نے امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹیلرسن کے دورہ افغانستان کے بعد بھارت کا دورہ کیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری