امام خامنہ ای: امریکی مکاریوں سے محتاط رہیں/ فرصت ملتے ہی دوبارہ عراق پر وار کریگا


امام خامنہ ای: امریکی مکاریوں سے محتاط رہیں/ فرصت ملتے ہی دوبارہ عراق پر وار کریگا

رہبرمعظم انقلاب نے عراقی وزیراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی مکاریوں سےمحتاط رہیں، اگر امریکیوں کو بہانہ ملے تو ایک بار پھر عراق پر حملہ کریں گے، عراق میں حالیہ کامیابیاں، بہادر اور وفادار نوجوانوں کی حمایت کا نتیجہ ہے۔

خبر رساں دارے تسنیم نے رہبر معظم کے دفتر اطلاعات و نشریات کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کچھ دیر پہلے امام خامنہ ای سے ملاقات کی ہے۔

رہبرانقلاب نے عراق میں دہشت گردوں کے خلاف کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "عراقی حکومت کی کاوشوں، مختلف اقوام کے اتحاد اور بہادر عراقی نوجوانوں کی انتھک کوششوں سے ہی دہشت گردوں کا خاتمہ ممکن ہوسکا ہے۔"

سپریم لیڈر نے داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی سیاسی اور مذہبی قوتوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو قابل تعریف قرار دیا۔

آیت اللہ امام خامنہ ای نے عراق کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے مقابلے میں انتہائی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا پر کسی صورت اعتماد نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ امریکا اور اس کے حواری، عراق کی خود مختاری، تشخص اور علاقائی سالمیت کے مخالف ہیں۔

عراق وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہبر معظم کا کہنا تھا کہ عراق کو امریکی مکاریوں سے ہوشیار رہنا چاہئے کیونکہ امریکیوں کو بہانہ مل گیا تو دوبارہ عراق پر وار کرسکتے ہیں، داعش کو بنانے والے خود امریکی ہی ہیں اور اب عراقی حکومت اور عوام کے ہاتھوں دہشت گردوں کو سنگین شکست ہوئی ہے، امریکی اپنے آپ کو عراقی قوم اور حکومت کا ہمدرد دکھانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جب بھی ان کو موقع ملے گا ایک بار پھر عراق پر حملہ کریں گے اس لئے امریکی مکاریوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ پر ہرگز اعتماد نہ کیا جائے کیونکہ وہ اپنے وار کے لیے مناسب موقع کی تلاش میں ہیں، امریکی داعش کی بیخ کنی نہیں چاہتے کیونکہ داعش کو بنانے والے خود امریکی ہی ہیں۔ وہ داعش کو اپنی مٹھی میں رکھ کر عراق میں اسے باقی رکھنا چاہتے ہیں۔

عراقی وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی مدد کرنے پر رہبر انقلاب اور اسلامی جمہوری ایران کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "ہم اسلامی جمہوری ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔"

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری