اہلسنت جماعتوں کا گرینڈ الائنس ایم ایم اے کا متبادل ثابت ہوگا، صاحبزادہ حامد رضا


اہلسنت جماعتوں کا گرینڈ الائنس ایم ایم اے کا متبادل ثابت ہوگا، صاحبزادہ حامد رضا

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ حکومت 2 وزیروں کو بچانے کیلئے کروڑوں عاشقان رسول کو ناراض نہ کرے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حالات مائنس آل کی طرف بڑھ رہے ہیں، نواز شریف نے ریاست کیخلاف جنگ شروع کر رکھی ہے، ختم نبوت حلف نامہ تبدیل کرنیوالوں کو سزا نہ ملی تو حالات خراب ہو سکتے ہیں، حکومت 2 وزیروں کو بچانے کیلئے کروڑوں عاشقان رسول کو ناراض نہ کرے، کرپٹ افراد کے سماجی بائیکاٹ کی مہم چلائی جائے گی، شریف خاندان ملکی قانون اور قانون قدرت کی گرفت میں آ چکا ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی ن لیگ کی حکومت کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے، ن لیگ رسوائی اور پسپائی کی علامت بن چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف سیاسی و مذہبی راہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شاہد خاقان اور شہباز شریف کی حکومتیں ختم ہوتے ہی ن لیگ بکھر جائے گی، سٹیٹس کو کی حامی قوتیں آزاد عدلیہ کیخلاف سازشیں کر رہی ہیں، ن لیگ قائداعظم والی مسلم لیگ نہیں بلکہ ابن الوقتوں کا ٹولہ ہے۔ عدلیہ کو ہدف تنقید بنانا اخلاق باختہ رویہ ہے۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ اہلسنت کو ہائی جیک کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، اہلسنت جماعتوں کا گرینڈ الائنس ایم ایم اے کا متبادل ثابت ہوگا۔ موجودہ عدلیہ نظریہ ضرورت والی عدلیہ نہیں، نواز شریف عدلیہ کی تضحیک کرکے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، تحریک لبیک کے کارکنان اور علماء کی پکڑ دھکڑ ناقابل برداشت ہے، حکومت گرفتار علماء اور سنی کارکنان کو فی الفور رہا کرے، ختم نبوت حلف نامہ تبدیل کرنیوالوں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نظام مصطفے متحدہ محاذ کو اہلسنت کا نمائندہ سیاسی پلیٹ فارم بنائیں گے، 20 نومبر کو راولپنڈی میں ہونیوالے اہلسنت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری