پاکستان ای سی او ممالک کے ساتھ کسٹمز قوانین کو سہل بنانے کیلئے تیار، ہارون اختر


پاکستان ای سی او ممالک کے ساتھ کسٹمز قوانین کو سہل بنانے کیلئے تیار، ہارون اختر

وزیراعظم کے مشیر برائے محصولات نے کہا ہے کہ پاکستان ای سی او ممالک کے ساتھ تجارت کو آسان بنانے کیلئے کسٹمز قوانین کو مزید سہل بنانے کیلئے کام کرنے کو تیار ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے محصولات ہارون اختر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ صرف پاکستان کیلئے ہی نہیں عالمی برادری کیلئے بھی ہے۔

ای سی او ممالک کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کےمشیر کا کہناتھا کہ پاکستان نے اپنے لئے ہی نہیں بلکہ عالمی برادری کیلئے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔ پاکستانی فوجیوں اور عام شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ جانیں قربان کیں اور اس جنگ میں سو ارب ڈالر سے زائدنقصان برداشت کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے کی اہم مقام پر واقع ہے جہاں پر وہ توانائی تجارت کیلئے وسطی ایشیا کیلئے گیٹ وے بن سکتا ہے۔ مسلم دنیا اور مشرق وسطیٰ کے ساتھ ہمارے قریبی تعلقات کو کم نہیں کیا جاسکتا۔

ہارون اختر نے مزید کہا کہ ای سی او ممالک کی عالمی تجارت دو فیصد اور آبادی چھ اعشاریہ دو فیصد ہے جسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او ممالک کے ساتھ تجارت کو آسان بنانے کیلئے کسٹمز قوانین کو سادہ بنائیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے دوران چھ فیصد اقتصادی ترقی کا ہدف حاصل کرلیں گے۔جبکہ ملک میں بجلی اور گیس کے بحران پرجلد ہی قابو پالیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری