اسلام آباد؛ عدالتی حکم کے باوجود دھرنا جاری/ مذہبی جماعتیں: مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہیگا


اسلام آباد؛ عدالتی حکم کے باوجود دھرنا جاری/ مذہبی جماعتیں: مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہیگا

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود وفاقی دارالحکومت میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری ہے جس میں شرکاء کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہیگا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی  جانب سے مذہبی جماعتوں کو فیض آباد انٹرچینج پر گذشتہ 8 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم  کے باوجود مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری ہے۔

فیض آباد انٹرچینج اوراطراف کی سڑکیں آج بھی ٹریفک کیلئے بند ہیں جس کے باعث شہریوں، سرکاری ملازمین، طلبہ و طالبات کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے جب کہ فیض آباد اوراطراف کے علاقے میں انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہے۔

جڑواں شہروں کو ملانے والے متبادل راستوں پرٹریفک کا شدید رش ہے، ٹریفک پولیس ٹریفک کورواں دواں رکھنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ دھرنا دینے والے افراد کے رہنماؤں کا اس حوالے کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ مذہبی جماعتوں نے فیض آباد انٹرچینج پر گزشتہ 12 روز سے دھرنا دے رکھا ہے، دھرنے کے شرکا ختم نبوت سے متعلق آئینی شقوں میں ردو بدل کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور وزیر قانون زاہد حامد کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری