مقبوضہ کشمیر میں رحلت رسول و شہادت نواسہ رسول(ص) کی مناسبت سے جلوس و مجالس عزاء کا اہتمام


مقبوضہ کشمیر میں رحلت رسول و شہادت نواسہ رسول(ص) کی مناسبت سے جلوس و مجالس عزاء کا اہتمام

سرزمین کشمیر میں نانا و نواسہ کا ماتم جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا، بارشوں کے باوجود عزاداری کے بڑے بڑے جلوس برآمد ہوئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یوم رحلت جانسوز بانی اسلام حضرت محمد مصطفٰی صلہ اللہ علیہ والہ وسلم و یوم شہادت حضرت امام حسن علیہ السلام کے سلسلے میں کشمیر کے اطراف و اکناف میں مجالسوں کا انعقاد ہوا جن میں لاکھوں کشمیری مسلمانوں نے شرکت کرتے ہوئے نانا و نواسہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ادھر وادی میں دن بھر بارشوں کے باوجود عزاداری کے جلوس برآمد ہوئے جن میں عزاداروں کی بڑی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے رسول اسلام حضرت محمد مصطفی صلہ اللہ علیہ والہ وسلم کی جانسوز رحلت و حضرت امام حسن علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت پر مرثیہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے دونوں مظلوموں کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کردئے۔

اتحاد المسلمین جموں و کشمیر کے اہتمام سے سرینگر کے حسینی چوک گنڈ حسی بٹ اور بارہمولہ کے اٹھورہ علاقے میں عظیم الشان مجالسوں کا انعقاد ہوا جہاں گوشہ و کنار سے آئے ہوئے عزاداروں نے شرکت کرکے رسول اکرم صلہ اللہ علیہ والہ وسلم و سبط اکبر حضرت امام حسن علیہ السلام سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا اٹھورہ بارہمولہ میں جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلٰی و سینئر حریت رہنما حجتہ الاسلام مولانا محمد عباس انصاری نے مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے رسول اسلام و حضرت امام حسن علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر مفصل روشنی ڈالی جبکہ گنڈ حسی بٹ میں تنظیم کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے مجلس سے خطاب کیا۔

انہوں نے سیرت آئمہ طاہرین کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا مولانا نے عزاداروں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ رسول اسلام ہمیشہ کے لئے زندہ و جاوید ہیں لیکن ظاہری طور پر وہ اسی دن رحلت کرگئے اور اسی دن امام حسن علیہ السلام جام شہادت نوش فرماگئے۔

انہوں نے عالم اسلام میں پھیلی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالم اسلام رسول اسلام اور اہلبیت طاہرین کے سیرت طیبہ کو مضبوطی سے تھام لیتے تو آج عالم اسلام میں بدامنی ظلم و تشدد کا نام و نشان تک نہ ہوتا۔

مجلس کے اختتام پر جلوس عزاء برآمد ہوا جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کرتے ہوئے اس عظیم غم میں سینہ زنی کی۔

حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی الصفوی کی قیادت میں انجمن شرعی شیعان یوسف آباد کے اہتمام سے اسکندر پورہ ماگام میں عزاداری کی مجلس منعقد ہوئی جہاں ہزاروں اہلبیت طاہرین سے عقیدت رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے شرکت عزاداروں کی ایک بڑی تعداد سے آغا صاحب نے خطاب کیا۔

ادھر انجمن شرعی شیعان کے اہتمام سے امام بارگاہ حسن آباد اور مرکزی امام باڑہ بڈگام میں عظیم الشان مجالسوں کا انعقاد ہوا جہاں کثیر تعداد میں عزادارن رسول اکرم صلہ اللہ علیہ والہ وسلم و امام حسن علیہ السلام نے شرکت کی مجالسوں میں انجمن سے وابسطہ زاکرین و علمائے کرام نے حضرت محمد مصطفٰی صلہ اللہ علیہ والہ و سلم اور حضرت امام حسن علیہ السلام کی سیرت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ ان میں تنظیم کے سرپرست اور حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی قابل ذکر ہیں۔

درایں اثناء وادی کے دیگر مذہبی تنظیموں کے اہتمام سے بھی کشمیر کے گوشہ و کنار میں مجالسیں منعقد ہوئیں جبکہ صوبہ لداخ کے کرگل ضلع میں بھی مجالسوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری