حافظ محمد سعید کو رہا کرنے کا حکم، ہندوستان سخت ناراض


حافظ محمد سعید کو رہا کرنے کا حکم، ہندوستان سخت ناراض

بھارتی حکام نے حافظ محمد سعید کو رہا کرنے کے حکم پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئےعدالتی حکم نامے کو نا پسندیدہ قرار دیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی حکام نے حافظ محمد سعید کو رہا کرنے کے حکم پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے ’بھارت کو اس بات پر غصہ ہے کہ جس شخص نے ممبئی حملوں کا خود اعتراف کیا اور جسے اقوام متحدہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دیا گیا ہو، اسے آزادانہ نقل و حمل اور اپنے ایجنڈے پر چلنے کی اجازت دی جائے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے حافظ سعید کو 2008 کے ممبئی حملوں کا مرکزی ملزم قرار دیا جاتا ہے۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے نظرثانی بورڈ نے حافظ سعید کی نظر بندی ختم کرتے ہوئے ان کی نظر بندی میں توسیع کی حکومتی درخواست مسترد کر دی تھی۔

یاد رہے کہ حافظ سعید کو ممبئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔

ممبئی حملوں میں غیر ملکی افراد سمیت 160 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

حافظ محمد سعید کا کہنا ہے کہ میں کشمیر کا کیس لڑ رہاہوں اور کشمیر کی وجہ سے انڈیا میرے پیچھے پڑا ہوا ہے ،میری رہائی سے ہندوستان کی سب محنتیں اور کوششیں رائیگاں گئیں ہیں اور ناکام ہوئی ہیں،جلد کشمیر بھی آزاد ہو گا۔

گزشتہ روز کمرہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ سعید کا کہنا تھا کہ ’کشمیریوں کی جدو جہد ضرور رنگ لائے گی، میرے خلاف ثبوت پیش نہ ہونے سے بھارت کو منہ کی کھانی پڑی، جبکہ آزاد عدلیہ نے دلیرانہ فیصلہ دیا جسے سراہتے ہیں۔‘

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری