کشمیر میں عید میلاد النبی اور ہفتہ وحدت کی تقریبات کا آغاز/ میلاد ریلیاں برآمد


کشمیر میں عید میلاد النبی اور ہفتہ وحدت کی تقریبات کا آغاز/ میلاد ریلیاں برآمد

آغاز ہفتہ وحدت و یوم ولادت باسعادت نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مناسبت سے مقبوضہ کشمیر میں بابرکت تقاریب، روح پرور مجالس و میلاد ریلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آغاز ہفتہ وحدت و یوم ولادت باسعادت نبی آخر الزمان (ص) کی مناسبت سے کشمیر بھر میں بابرکت تقاریب روح پرور مجالس و میلاد ریلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے کشمیر بھر میں جمعہ کے روز تقاریب و ریلیوں کا انعقاد ہوا اور لاکھوں کشمیری عاشقان رسول صلہ اللہ علیہ والہ وسلم نے حضور پرنور کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان توحید کا سیلاب امڈ آیا۔ عاشقان رسول نے جمعرات کے دن سے ہی درگاہ کی جانب پیشقدمی کی اور پوری رات عبادت اور درود و اذکار میں گزاری۔

تاریخی جامع مسجد سرینگر، امام باڑہ بڈگام، امام باڑہ حسن آباد، جناب صاحب صورہ سید صاحب سونہ وار، جامعہ امام رضا سمیت دیگر کئی صدر مقامات پر بڑی بڑی تقریبوں کا انعقاد ہوا جہاں علمائے کرام، دانشور حضرات اور مفکرین اسلام نے سیرت رسول گرامی اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور ہفتہ وحدت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

دوسری جانب کشمیر کے طول و عرض میں میلاد النبی اور ہفتہ وحدت کی ریلیاں بر آمد ہوئیں جن میں بھاری تعداد میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے شرکت کرکے اپنے آقا سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔

کشمیر کے مشہور و معروف شیعہ و سنی مذہبی تنظیموں کے اہتمام سے بڑی بڑی ریلیاں برآمد ہوئیں جن میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے ہاتھوں میں سبز پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر رسول گرامی سے اظہار محبت اور وحدت اسلامی کے نعرے درج تھے اور ساتھ ساتھ میں گستاخ اہلبیت علیہم السلام ملعون روہت سردانہ کے خلاف بھی نعرے درج تھے۔

معروف شیعہ سنی علمائے دین کی قیادت والی کاروان اسلامی جموں و کشمیر، انجمن شرعی شیعان، اتحاد المسلمین جموں و کشمیر، معاون کمیٹی تنظیم المکاتب سمیت سینکڑوں مذہبی تنظیموں کے اہتمام سے طول و عرض میں میلاد جلوس برآمد ہوئے۔

اس ضمن میں میلادالنبی اور ہفتہ وحدت پر سیمیناروں، ریلیوں اور تقاریب کا سلسلہ 17 ربیع الاول تک کشمیر کے گوشہ و کنار میں جاری رہے گا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری