پاکستان میں امریکہ کا نہیں بلکہ اللہ اور رسول اللہ کا حکم چلے گا، صاحبزادہ حامد رضا


پاکستان میں امریکہ کا نہیں بلکہ اللہ اور رسول اللہ کا حکم چلے گا، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سنی یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلسنت جماعتیں آئندہ الیکشن ایک نشان پر لڑیں گی، اہلسنت جماعتوں کا گرینڈ الائنس تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گا

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سنی یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلسنت جماعتیں آئندہ الیکشن ایک نشان پر لڑیں گی، اہلسنت جماعتوں کا گرینڈ الائنس تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گا، ختم نبوت کے معاملے پر ن لیگی حکومت کی عالمی قوتوں سے ساز باز بے نقاب ہو چکی ہے، حکومت نے ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کرکے بیرونی قوتوں کی ڈیمانڈ پوری کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ راجہ ظفرالحق کی رپورٹ تبدیل کرکے جاری کرنے کی سازش تیار ہو چکی ہے، ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کی شفاف تحقیقات کیلئے غیر جانبدار افراد پر مشتمل جے آئی ٹی بنائی جائے، حکمران امریکہ کو نو مور کہنے کی جرات پیدا کریں، پاکستان کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے، پاکستان میں امریکہ نہیں اللہ اور رسول اللہ کا حکم چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک گیر دھرنوں میں عوام کی عدالت نواز شریف کیخلاف فیصلہ سنا چکی ہے، سابق نااہل وزیراعظم ذاتی مفادات کیلئے ملکی سلامتی داؤ پر نہ لگائیں، افغانستان میں بھارت کا عمل دخل خطے کے امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ امریکہ افغانستان میں ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے، امریکہ کی دوہری پالیسیوں کی وجہ سے افغانستان بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، اچکزئی جیسے ملک کے غداروں کو نواز شریف نے اتحادی بنا رکھا ہے، اس وقت دینی طبقہ نواز شریف کا مخالف اور سیکولر طبقہ حامی ہے، بے رحم احتساب کے بغیر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کیلئے متحد ہو چکے ہیں، آئندہ الیکشن میں کرپشن کے بت پاش پاش ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ فوج اور عدلیہ کیخلاف نواز شریف کی ہرزہ سرائی کا نوٹس لے، سپریم کورٹ تمام سیاستدانوں کو اپنے اثاثے پاکستان منتقل کرنے کا پابند بنائے، بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں پر سیاست میں حصہ نہ لینے کی قانون سازی کی جائے، جن کی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں وہ ملک سے مخلص نہیں ہو سکتے، ن لیگ کے ممبران پارلیمنٹ کی اکثریت اپنی قیادت کی پالیسیوں سے نالاں ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری