پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے، آرمی چیف


پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے، آرمی چیف

پاک آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی اس کے لیے دھرتی کے بیٹے قربانیاں دیتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فلسطین کے سفیر نے ملاقات کی اور فلسطین کی کاز کی حمایت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر ایشو کے ساتھ مسئلہ فلسطین کا بھی حل چاہتا ہے، دونوں ایشوز کو پاکستانی عوام کی ایک جیسی سیاسی و اخلاقی حمایت حاصل ہے، ہم کشمیر و فلسطین پر اپنے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے، نام نہاد قبضے کی حقیقت سے قطع نظر اصولی موقف پر قائم ہیں۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے شہید ہونے والے دوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جوہم آزاد ہیں اپنے بیٹوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہیں، آزادی مفت میں نہیں ملتی بلکہ اس کی قیمت چکانا پڑتی ہے، ہمارے بہادر بیٹے آزاد دھرتی کے لیے قربانیاں دیتے ہیں جب کہ وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شمالی وزیرستان میں فوجی گاڑی پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطن عزیزکی خاطراپنی قیمتی جانوں کی قربانی دی، قیمتی انسانی جانوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، شہداء کی قربانیوں کا کوئی متبادل نہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قوم وطن دشمنوں کیخلاف افواج پاکستان کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کریگی، پاکستان انشاء اللہ دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کر دے گا اور ہم یہ جنگ جیت رہے ہیں، اللہ دہشت گردوں کو جلد نیست ونابود کرے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری