غزہ کی پٹی پر صہیونی حملے مسلسل جاری


غزہ کی پٹی پر صہیونی حملے مسلسل جاری

غزہ کی پٹی پر صہیونی وحشیانہ حملے بدستور جاری ہیں.

تسنیم خبررساں ادارے نے المیادین کے حوالے سے بتایا ہے کہ صہیونی لڑاکا طیارے بدستور غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مغربی غزہ میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے مزاحمتی تحریک کے ذیلی شاخ عزالدین القسام کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی ہے۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوج کے لڑاکا طیاروں نے دیر البلح  نامی شہرکے مضافات میں بھی فضائی حملہ کیا ہے۔

صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کی فضاؤں میں بڑے پیمانے پر پروازیں انجام دیں ہیں۔صہیونی فوجیوں نے منگل کو بھی غزہ پٹی کے علاقے بیت لاہیا پر بمباری کر کے کم سےکم دو فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔

خیال رہے کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے بعد فلسطین کے مختلف علاقوں میں شدید مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، مظاہروں کے دوران فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہورہی ہیں۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ سے راکٹ فائر کیے جانے کے جواب میں فلسطین کے عسکری گروپ حماس کے خلاف فضائی کارروائیاں کی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا ہے۔ اس فیصلے پر امریکہ کو عالمی سطح پر شدید مذمت کا سامنا ہے جبکہ مسلم دنیا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اسرائیل، امریکہ مخالف اور فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری