پاکستانی قونصل جنرل کی پاک ایران ثقافتی روابط کو مزید تقویت دینے پر تاکید + تصاویر


پاکستانی قونصل جنرل کی پاک ایران ثقافتی روابط کو مزید تقویت دینے پر تاکید + تصاویر

مشہد میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل نے تسنیم نیوز کے دفتر کا دورہ کرکے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید تقویت دینے کیلئے ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کا عندیہ دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہرمشہد میں تعیینات پاکستانی قونصل جنرل عرفان محمود بخاری نے تسنیم نیوز ایجنسی کے دفترکا دورہ کیا۔

قونصل جنرل نے تسنیم نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر  تقی صادقی سے دونوں ملکوں کے دوستانہ اور برادرانہ  تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ثقافت کے شعبے میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

واضح رہے کہ عرفان محمود بخاری نے حال ہی میں ایران کے مقدس شہر مشہد میں پاکستان کے نئے قونصل جنرل کا چارج سنبھالا ہے۔

محمود بخاری نے اس سے قبل جنیوا اور تہران میں بھی سفارتکار کے طور پر خدمات انجام دئے ہیں۔

خیال رہے کہ عرفان محمود بخاری نے تسنیم نیوز کی دعوت پر یہ دورہ کیا۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے اردو سیکشن کے سربراہ ڈاکٹر تقی صادقی نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا" "آپ کا ہماری دعوت پر یہاں تشریف لانا اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں سنجیدہ ہیں۔"

ڈاکٹر صادقی نے کہا: "میرے خیال میں پاکستان اور ایران دو الگ الگ ممالک نہیں بلکہ دو جسموں میں ایک روح کی مانند ہیں جس کی وجہ سے جزئی مسائل کبھی بھی ان کے برادرانہ تعلقات میں خلل نہیں ڈال سکتے۔"

انہوں نے مزید کہا: "دنوں ملکوں کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ  ایرانی اور پاکستانی عوام ایک دوسرے کے ملکوں کے بارے میں خاطر خواہ شناخت نہیں رکھتے، لہذا یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کو دونوں ممالک کی خوبصورتیوں اور ثقافت سے روشناس کرائیں۔

ڈاکٹرصادقی کا کہنا تھا کہ تسنیم نیوز ایجنسی نے ایک سال کے مختصر عرصے میں کئی اہم کام انجام دئے ہیں اور مجھے امید قوی ہے کہ پاکستانی سفارت اور قونصل خانے کے تعاون سے ہم پاکستان کے روشن چہرے اور بے مثال ثقافت کو ایرانی عوام تک پہنچانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔"

انہوں نے مزید کہا: "ہم مشہد مقدس میں پاکستانی قونصل خانے سے گزارش کرتے ہیں کہ پاکستان سفر کرنے کے خواہش مند ایرانی اساتید اور دیگر افراد کو ویزہ دینے میں تعاون کرے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور باہمی پہچان میں اضافہ ہوسکے۔"

ڈاکٹر صادقی نے مسئلہ کشمیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ مسائل میں سے ایک کشمیر ہے، اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ سے پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے اور کرتا رہے گا، ہم بھارتی فورسز کی جانب سے مظلوم کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔"

قونصل جنرل محمود بخاری نے تسنیم نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "یہ میرا مشہد مقدس میں کسی بھی ایرانی کے ساتھ پہلا اجلاس ہے، مجھے معلوم ہے کہ تسنیم نیوز ایجنسی ایرانی عوام کو  پاکستان کے روشن چہرے سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔"

انہوں نے کہا: "ایران میں پاکستانی ثقافت کے بارے میں کافی کام کرنے کی ضرورت ہے، ہم تسنیم نیوز کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ ایرانی عوام اپنے ہمسایہ کے بارے میں جان لیں۔"

قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ایران میں پاکستانی فلموں کی نمائش، ایرانی عوام کو پاکستان سے آشنا کرانے کے لئے ایک اہم ذریعہ ہے لہذا اس کے بارے میں ہمیں کام کرنا چاہئے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اور علمی شخصیات کا پاکستان جانا نہایت ضروری ہے ہم اس بارے میں مکمل تعاون کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشہد مقدس میں عنقریب پاکستان کے حوالے سے مختلف تہوار اور میلوں کی نمائش کی جائے گی جس کے بارے میں مشاورت ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا: "ان تہواروں اور میلوں میں پاکستانی فلموں کی نمائش سمیت مشہد کے کسی بڑی شاہراہ یا عوامی آمد و رفت والی جگہ پر قائد اعظم محمد علی جناح کا مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا۔"

قونصل جنرل نے اجلاس کے آخرمیں تسنیم نیوز کے ڈائریکٹر کو خصوصی شیلٹ بھی ہدیہ کے طور پر پیش کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری