پی پی، متحدہ اور اے این پی نے کراچی والوں کو لڑوایا، پرویز مشرف


پی پی، متحدہ اور اے این پی نے کراچی والوں کو لڑوایا، پرویز مشرف

سربراہ آل پاکستان مسلم لیگ: "مہاجر ایک پڑھی لکھی قوم ہے ایم کیو ایم نے مہاجروں کو تباہ کردیا اے این پی نے کٹی پہاڑی میں پٹھانوں کواسلحہ دیا ایم کیو ایم نے مہاجروں کو اسلحہ دیااسی طرح پیپلز پارٹی نے لوگوں کو اسلحہ دیا اور لوگوں کو ایک دوسرے سے لڑایا ہمیں اس سیاست سے چھٹکارا حاصل کرنا پڑے گا۔"

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدرجنرل (ر) پرویزمشرف ںے اتوار کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں جلسہ عام سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئےکہی۔ جلسے سے اے پی ایم ایل کے صدر ڈاکٹر محمد امجد، اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین، جنرل سیکریٹری اسلم مینائی، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری محمد علی شیروانی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

جلسے میں عوام نے پرویز مشرف کی تصاویر، پاکستان اور اے پی ایم ایل کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ جلسے میں جیے پاکستان اور جیے پرویز مشرف کے نعرے لگائے گئے۔ جلسے میں میوزیکل پروگرام اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویزمشرف نے کہا کہ کراچی پاکستان ہے۔ اس شہر میں سندھی، مہاجر پٹھان، بنگالی، پنجابی، بلوچی سمیت تمام قومیت کے لوگ آباد ہیں۔ کراچی کے لوگوں کو استعمال کیا گیا مجھے کچھ نہیں چاہیے۔ میں صدر ، آرمی چیف ، وزیر اعظم رہ چکا ہوں میں مڈل کلاس طبقے سے تعلق رکھتا ہوں میں پاکستان کی ترقی کا سوچتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں لاشوں کی سیاست ہوتی تھی، خاندان کے خاندان تباہ ہو گئے میں بھی مہاجر ہوں لیکن میں اپنے آپ کو مہاجر نہیں سمجھتا میں سب سے پہلے پاکستانی ہوں میں ایم کیوایم یا مہاجر نہیں ہوں۔ مہاجر ایک پڑھی لکھی قوم ہے ایم کیو ایم نے مہاجروں کو تباہ کردیا اے این پی نے کٹی پہاڑی میں پٹھانوں کواسلحہ دیا ایم کیو ایم نے مہاجروں کو اسلحہ دیااسی طرح پیپلز پارٹی نے لوگوں کو اسلحہ دیا اور لوگوں کو ایک دوسرے سے لڑایا ہمیں اس سیاست سے چھٹکارا حاصل کرنا پڑے گا۔

پرویز مشرف نے کہا کہ آج کے لیڈر دریا کے بہاؤ میں بہہ کر سیاست کرتے ہیں لیڈر وہ ہوتا ہے جو دریا کے بہاؤ کو دیکھ کر ملک کے مفاد میں سیاست کرتا ہے۔ کراچی کے لوگ باشعور ہیں وہ میرا ساتھ دیں۔ ہم سیاسی لوگوں کو ملائیں گے پیپلز پارٹی کا مقابلہ کریں گے۔ اب جو اتحاد بنے گا اسے نیا نام دیا جائے گا اور ہماری کوشش ہوگی کہ ہم حکومت بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کراچی سمیت ملک بھر کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ہم تعلیم صحت، امن و امان اور دیگر مسائل کو حل کریں گے اس لیے میں عوام کو کہتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ چلیں گے تاکہ ہم حکومت بنا کر عوام کے مسائل حل کر سکیں۔

سابق صدر نے کہا کہ کوئی یہ سمجھتا ہے کراچی سندھ نہیں ہے وہ غلط سمجھتا ہے کراچی ہمیشہ سندھ کا حصہ رہے گا سندھ کے دیہی علاقے اور شہری علاقے ایک ہونے چاہئیں آپ نے جو نام پایا، وہ نام ’را‘کا ایجنٹ، ٹارگٹ کلر، بھتہ خور اور دہشت گرد ہو، کسی کے ماتھے پر نہیں لکھا کہ وہ شریف آدمی ہے ان دھبوں سے میں آپ کو باہر نکالوں۔

انھوں نے کہا کہ تمام لوگ قومیت میں بٹے ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ ، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے لیے ہے، ہمیں قومیتوں کی سیاست کو ختم کرنا ہے۔ یہ کہتے ہوئے مجھے برا لگتا ہے کہ ہمارا مستقبل اچھا نہیں ہے۔ اب کراچی اور سندھ میں کامیاب ہوں گے تو پیپلز پارٹی کو ٹکر دیں گے اور حکومت بنائیں گے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ اگر عوام میرے ساتھ ہوں گے تو میں سارے کام کر سکتا ہوں میری بدقسمتی ہے کہ مجھے جانا پڑا میں نے اس وقت کہا تھا کہ پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے پاکستان کبھی ختم نہیں ہوسکتا اس کی حفاظت کریں گے۔

اے پی ایم ایل کے رہنما ڈاکٹر امجد نے کہا کہ اے پی ایم ایل 21 جنوری کو راولپنڈی اور 25 جنوری کو ملتان میں جلسہ کرے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری