افغان فوج کی بکتربند گاڑیوں پر داعش کے جھنڈے, عوام سخت پریشان


افغان فوج کی بکتربند گاڑیوں پر داعش کے جھنڈے, عوام سخت پریشان

افغان نوجوانوں نے سماجی وب سائٹوں پر کچھ ایسی تصاویر شیئر کی ہیں جس میں افغان فوج کی بکتربند گاڑیوں پر داعش کے جھنڈے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے نے ''اطلاعات روز'' کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغان نوجوانوں نے سماجی وب سائٹوں پر کچھ ایسی تصاویر شیئر کی ہیں کہ جس میں افغان فوج کی بکتربند گاڑیوں پر داعش کے جھنڈے صاف دکھائی دیتے ہیں جس کی وجہ سے عوام مایوسی کا شکار ہوئے ہیں۔

افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوج کی کسی گاڑی پر داعش نے قبضہ نہیں کیا ہے۔

وزارت دفاع نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے داعش کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کیا جس کی خوشی میں انہوں نے اپنی گاڑیوں پر داعش کے جھنڈے لہرائے۔

واضح رہے کہ افغان عوام نے وزارت دفاع کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی حرکتوں سے داعش کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان «دولت وزیری» کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کو افغان فورسز نے صوبہ ننگرہار، اچین، خوگیانی اور بٹی کوٹ میں داعش کے خلاف کارروائی کرکے متعدد خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک یا زخمی کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ افغان سیکورٹی فورسز داعش کے خلاف جامع آپریشن کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ افغان پارلیمنٹ کے بعض نمائندوں نے اس ملک کے کچھ سیاست دانوں پر داعش کی حمایت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کچھ عناصر ایسے ہیں جو داعش کی مدد کررہے ہیں۔

افغان پارلیمنٹ میں صوبہ قندھار کے نمائندے لالی حمیدزئی نے افغان سلامتی کونسل کے سربراہ ''معصوم استانکزی'' پر داعش کی سرپرستی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں داعش کے پھیلاو میں معصوم استانکزی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

دوسری طرف افغان پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر اور صوبہ ننگرہار کے نمائندے «عبدالظاهر قدیر» کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کچھ ایسے شواہد موجود ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ افغان قومی سلامتی کونسل اور بعض حکومتی ادارے دہشت گرد تنظیم داعش کی حمایت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت صوبہ ننگرہار میں داعش کی حمایت کررہی ہے کیونکہ سیکورٹی فورسز داعش کے خلاف جہاد کرنے کے بجائے ان کی مدد کررہے ہیں۔

انہوں نے افغان سیکورٹی فورسز پر الزام لگایا کہ وہ داعش کے خلاف لڑنے والے افغان عوام اور رضاکار فورسز کی حوصلہ شکنی کررہے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری