وادی میں ہڑتال کے باعث معمول کی زندگی ٹھپ,حساس علاقوں میں قدغن


وادی میں ہڑتال کے باعث معمول کی زندگی ٹھپ,حساس علاقوں میں قدغن

سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل’ مشترکہ مزاحمتی قیادت‘ کی کال پر آج وادی بھر میں ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق وادی کے تمام ضلع صدر مقامات سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے بند اور ٹریفک معطل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ ہڑتال فورسز کے ہاتھوں شہری ہلاکتوں کے سلسلے کے خلاف کی جارہی ہے۔

وادی میں ہڑتال کے پیش نظر حکام نے آج سرینگر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کی بھاری تعیناتی عمل میں لاتے ہوئے لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگادی۔

انتظامیہ نے اس ضمن میں گزشتہ رات ہی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج شہر کے رعناوای، خانیار، نوہٹہ، صفاکدل، مہاراج گنج، کرالہ کھڈ اور مائسمہ پولیس اسٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں قدغن عائد رہے گی۔

ان علاقوں میں آج پیرا ملٹری فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ آمد و رفت روکنے کیلئے ان علاقوں میں سڑکوں پر خار دار تاریں بچھا دی گئی ہیں۔

ادھر سرینگر کے اونتہ بھون صورہ علاقے کو آج صبح فورسز نے محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشیاں شروع کردیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع پانے پر پولیس اور سی آر پی ایف نے اس کا محاصرہ کرنے کے بعد سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

آخری اطلاعات ملنے تک سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس نے آج صبح لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یٰسین ملک کو گرفتار کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یٰسین ملک کو ان کی مائسمہ رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یٰسین ملک آج شہری ہلاکتوں کے خلاف ہڑتال کے بیچ ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرنے والے تھے اسلئے حکام نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری