ابوالاثر حفیظ جالندھری کی 118ویں سالگرہ


ابوالاثر حفیظ جالندھری کی 118ویں سالگرہ

ابوالاثر حفیظ جالندھری اردو کے نامور شاعر اور افسانہ نگار تھے جنہوں نے پاکستان کے قومی ترانے کے خالق کی حیثیت سے شہرت پائی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اردو کے نامور شاعر اور افسانہ نگار ابوالاثر حفیظ جالندھری 14 جنوری 1900 کو جالندھر میں پیدا ہوئے، آج ان کی 118ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

ابوالاثر حفیظ جالندھری پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے نامور مقبول رومانوی شاعر اور افسانہ نگار تھے جنہوں نے پاکستان کے قومی ترانہ کے خالق کی حیثیت سے شہرتِ دوام پائی۔ملکہ پکھراج نے ان کی نظم ابھی تو میں جوان ہوں کو گا کر شہرت دی۔

حفیظ جالندھری گیت کے ساتھ ساتھ نظم اور غزل دونوں کے قادرالکلام شاعر تھے۔ تاہم ان کا سب سے بڑا کارنامہ شاہنامہ اسلام ہے جو 4جلدوں میں شائع ہوا۔ اس کے ذریعے انہوں نے اسلامی روایات اور قومی شکوہ کا احیاء کیا جس پر انہیں فردوسی اسلام کا خطاب دیا گیا۔

حفیظ جالندھری کے شعری مجموعوں میں نغمہ بار، تلخابہ شیریں اور سوزو ساز، افسانوں کا مجموعہ ہفت پیکر، گیتوں کے مجموعے ہندوستان ہمارا، پھول مالی اور بچوں کی نظمیں اور اپنے موضوع پر ایک منفرد کتاب چیونٹی نامہ خصوصاً قابل ذکر ہیں۔

وہ 21دسمبر 1982 کو لاہور میں 82 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ وہ مینار پاکستان کے سایہ تلے آسودہ خاک ہیں.

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری