پاکستانی سرزمین پر امریکی ڈرون حملہ، عوام حکومتی ایکشن کے منتظر


پاکستانی سرزمین پر امریکی ڈرون حملہ، عوام حکومتی ایکشن کے منتظر

واضح رہےکہ وزیراعظم پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ کسی بھی قسم کے ڈرون حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا لہذا عوام حکومت کی جانب سے امریکی ڈرون کیخلاف ایکشن لینے کی شدت سے انتظار کرہے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں 2 مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پہلا حملہ کرم ایجنسی کے علاقے لوئر کرم میں کیا گیا جس میں ایک شخص زخمی ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈرون حملہ لوئر کرم کے علاقے بادشاہ کوٹ میں کیا گیا جہاں ڈرون طیارے سے فائر کیا گیا میزائل ایک گھر کے باہر گرا۔

ذرائع کے مطابق حملے میں زخمی ہونےو الے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ دوسرا ڈرون حملہ  افغان علاقے خانی کلے میں کیا گیا۔ ڈرون طیارے نے دو میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں 2 مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں ڈرون حملوں کے بعد شدید خوف ہراس پھیل گیا۔

واضح رہےکہ گزشتہ سال دسمبر میں پاک افغان سرحد کے قریب ڈرون حملے میں 2 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ نومبر میں ہونے والے ڈرون حملے میں طالبان کمانڈر سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے تھے اور یہ حملہ بھی پاک افغان سرحد کے قریب کرم ایجنسی میں کیا گیا تھا۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کی دھمکیوں اور پاکستان پر ڈرون حملے کےخدشے کے حوالے سے ردعمل دیا گیا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سرحدوں کی حفاظت کے پابند ہیں۔ پاکستان پر اگر کوئی ڈرون حملہ کیا جاتا ہے تو اسکے خلاف ایکشن لیں گے۔ امریکا کو بتایا ہے کہ افغانستان میں امن پاکستان سے زیادہ کوئی نہیں چاہتا۔ افغانستان میں امن کیلیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ افغانستان کے مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ جنگ سے افغانستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ نہ ہی پاکستان کیخلاف جارحیت مسائل کا حل ہوگی۔ پاکستان اپنی سرحدوں کا ہر حال میں بھرپور دفاع کرے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری