صیہونی وزیر اعظم کے دورے کیخلاف بھارت میں مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری


صیہونی وزیر اعظم کے دورے کیخلاف بھارت میں مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری

اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو کے دورے کے خلاف ہندوستان کے مختلف علاقوں بالخصوص مسلمان نشین علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو کے احمد آباد پہنچنے پر جمعیت علماء ہند نے سابرمتی آشرم اور  یہودی معبد خانہ کے پاس احتجاج کرنے کی تیاری کر رکھی تھی لیکن عین وقت پر احمد آباد پولس انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی۔ اس کے بعد خان پور میں واقع جمعیت دفتر میں منعقد ہونے والی پریس کانفرنس کو بھی روکنے کی کوشش کی گئی تاہم جمعیت علماء ہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر جمعیت علماء گجرات کے دفتر میں تنظیم کے کارکنان احتجاجی بینر اور پلے کارڈز اٹھائے جمع ہوئے اور دوپہر بارہ بجے پریس کانفرنس شروع ہوئی۔

پریس کانفرنس میں جمعیت علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی اور دیگر رہنماوں نے احمد آباد پولیس انتظامیہ کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے ایمرجنسی جیسے حالات سے تعبیر کیا۔

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ ہم اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نتین یاہو کی ہندوستان آمد اور اس سے مختلف میدانوں میں تعلقات وسیع کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے عوام نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے، نیز اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے متاثرہ تباہ حال فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ہمارے ملک کی خارجہ پالیسی انسانی حقوق کے تحفظ اور عالمی امن کی حمایت میں رہی ہے مگر ان دنوں اس سے انحراف کی راہ اختیار کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بحارت کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی نتین یاہو کے ہندوستان دورے کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری