قومی اسمبلی میں عمران خان، شیخ رشید کیخلاف مذمتی قرارداد منظور


قومی اسمبلی میں عمران خان، شیخ رشید کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

 قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان نے عمران خان کے پارلیمنٹ کو لعنت دینے پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیرمین تحریک انصاف نے ایوان کو نہیں بلکہ خود کو گالی دی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے پر ارکان اسمبلی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ اسمبلی میں عمران خان اور شیخ رشید کے پارلیمنٹ سے متعلق بیان کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سوا تمام جماعتوں کے ارکان نے قرارداد کی حمایت کی۔ قرارداد وفاقی وزیر بلیغ الرحمان نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ گزشتہ روز لاہور کے جلسے میں نہ صرف اس ایوان بلکہ 22 کروڑ غیور عوام کے مینڈیٹ کی بھی توہین کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ مجھے کل والی باتوں کا بہت دکھ ہوا، ہم حکومت کی ناکامیاں پارلیمنٹ کے سر ڈال رہے ہیں، میں اپنے منہ سے وہ الفاظ بول نہیں سکتا جو کل کہے گئے، ہر اس شخص کے منہ میں خاک جوایسا لفظ استعمال کرتا ہے، پاکستان کے 20 کروڑ عوام کو ذہنی مریض بنا دیا گیا ہے، کیا آپ پارلیمنٹ کو تالا لگا کر آمر کو بلانا چاہتے ہیں، ہمارے وزیراعظم کو ایک سیکنڈ میں نکال دیاگیا پھربھی ہم نے اداروں کی توہین نہیں کی جب کہ نواز شریف اور عمران خان اداروں کی توہین کرتے ہیں، مردان اور ڈی آئی خان میں بھی زیادتی کے واقعات ہوئے جنہیں چھپانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت پر تنقید کی جا سکتی ہے لیکن ادارے کو گالیاں دینا قابل مذمت ہے، تحریک انصاف نے 2014 میں بھی استعفے دیے لیکن پھر گھٹنوں کے بل چل کر واپس آئے، شیخ رشید کو 2002 میں ایک کرنل نے تھپڑ مارا تو شاہد خاقان عباسی نے اس کرنل کی درگت بنائی، یہ تو ان کی اوقات ہے اور یہ پارلیمنٹ کو گالی دیتے ہیں، پارلیمنٹ کے بغیر سیاستدانوں کا کوئی وجود نہیں ہے، آپ جس ایوان کا قائد ایوان بننے کی خواہش رکھتے ہیں اس ایوان کو گالی دے رہے ہیں، آپ کو اداروں کی تکریم کا احساس نہیں اس لیے سڑکوں پر خوار ہو رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ عمران خان خود بھی اس پارلیمنٹ کا رکن ہے اور اس نے خود پر بھی لعنت بھیجی ہے، وہ عموما اس قسم کے بکواس کرتا رہتا ہے، ان لوگوں نے اپنی پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی پر بھی لعنت بھیجی ہے، ہم ان الفاظ کی سخت مذمت کرتے ہیں، ان لوگوں کے خلاف تحریک استحقاق پیش ہونی چاہئے، اپنے لوگ پارلیمنٹ کو گالیاں دیں گے تو دوسرے ادارے کیسے پارلیمنٹ کا احترام کریں گے۔

اقلیتی رکن قومی اسمبلی خلیل جارج نے کہا کہ شیخ رشید کو دس سال کے لیے نا اہل کیا جائے، عمران خان کے ہاتھ میں وزارت عظمی کی لکیر ہی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے، جبکہ آج انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کےلیے ’لعنت‘ کا لفظ تو بہت چھوٹا ہے اگر کسی کو میرے اس لفظ پر اعتراض ہے تو عوام سے پوچھ لے۔ شیخ رشید نے بھی جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم پر لعنت بھیجتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری