بھارتی ایئر فورس کا گروپ کیپٹن جاسوسی کے شبہ میں گرفتار


بھارتی ایئر فورس کا گروپ کیپٹن جاسوسی کے شبہ میں گرفتار

بھارتی ایئر فورس کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات ایک گروپ کیپٹن کو جاسوسی کرنے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کیپٹن پر الزام ہے کہ وہ ممکنہ طور پر حساس دستاویزات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی)کے مطابق تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا انہیں جھانسہ دے کر یہ دستاویزات تو حاصل نہیں کی جارہی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ان دستاویزات کی تصاویر کسی خاتون کو واٹس ایپ پر بھجوا رہے تھے۔ حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ کہیں وہ جاسوسی کے کسی بڑے گروہ کا حصہ تو نہیں ہیں۔

بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آفیسر یقینا ایک ممنوعہ برقی آلے کے ساتھ ایسی سرگرمی میں ملوث پائے گئے ہیں جس کی اجازت نہیں تھی۔ بظاہر وہ اس خاتون سے سوشل میڈیا کے ذریعے متعارف ہوئے۔

بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ انڈین ایئر فورس کی مرکزی سکیورٹی اور تحقیقات سے متعلق ٹیم نے اس آفیسر کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جاری ہے۔ اس آفیسر کی مشکوک سرگرمیوں کا علم اس وقت ہوا جب انٹیلی جنس کی نگرانی کے دوران اس اہلکار کے پاس حساس دستاویزات پائی گئیں۔ ابھی تک انڈین ایئر فورس نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور اس آفیسر کی شناخت بھی خفیہ رکھی گئی ہے جبکہ تفتیش کار معلوم کروا رہے ہیں کہ کیا اس اہلکار نے یہ معلومات آگے منتقل تو نہیں کر دی ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری