وزیراعظم پاکستان کا چترال میں گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے فیز کی افتتاحی تقریب سے خطاب


وزیراعظم پاکستان کا چترال میں گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے فیز کی افتتاحی تقریب سے خطاب

وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے آج اتوار کو چترال میں 36 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کر دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اتوار کو چترال میں گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کر دیا جس سے 36میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ منصوبہ کی مجموعی پیداواری استعداد 108میگاواٹ ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ منصوبہ پورا سال اتنی بجلی ضرور پیدا کر ے گا جس سے چترال اور گردونواح کے علاقوں کی بجلی ضروریات پوری ہوںگی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے چترال کے لوگوں کو پورا سال بجلی مہیا ہوگی اور اس منصوبے سے پورا سال اتنی بجلی پیدا ہوگی کہ چترال کی ضروریات پوری ہوسکیں گی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ انشاء اللہ چترال ملک کا وہ حصہ ہوگا جہاں پورا سال لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی کیونکہ منصوبہ سارا سال چلتا رہے گا اور جن گاؤں میں بجلی کی فراہمی نہیں ہے وہاں بھی اس منصوبے سے بجلی فراہم ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا تعلق بھی چترال کی طرح ہی ایک پہاڑی علاقے سے ہے لیکن میرے حلقے کی بھی کچھ یونین کونسلز میں اب بھی بجلی نہیں ہے کیونکہ اس پر بہت اخراجات آتے ہیں لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں کہ وہاں بھی بجلی فراہم کی جائے۔

اپنی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جتنے کام اس حکومت نے چترال میں کیے ہیں کسی اور حکومت نے نہیں کیے اور یہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا عزم ہے کہ جہاں بھی مشکلات ہوں گی اسے حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں سڑکیں بن رہی ہیں، بجلی اور گیس کا بحران ختم ہوچکا ہے اور ترقی کی شرح بھی بڑھ رہی ہے اور پاکستان کو ایک صحیح سمت میں ڈال دیا ہے اور اب عوام کو جولائی میں اس بات کا دوبارہ فیصلہ کرنا ہے، اگر عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ کیا تو ملک میں ترقی کی یہ رفتار جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جہوریت کا سلسلہ چلتا رہا تو ملک ترقی کرتا رہے گا اور اس طرح کے منصوبے بنتے رہیں گے اور میں امید کرتا ہوں کہ حکومت کے کام آپ کے سامنے ہیں، یہ 33 ارب روپے کا منصوبہ چترال کے عوام کے لیے ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے گولن گول ہائیڈرو پاور منصوبے کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ مقامی رہنماؤں نے شرکت کی اور منصوبے کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

خیال رہے کہ گولن گول ہائیڈرو پاور منصوبے کے تحت 36 میگاواٹ کے 3 یونٹس سے 108 میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی اور اس کا پہلا یونٹ آپریشنل ہوگیا ہے جبکہ دوسرا یونٹ مارچ اور تیسرا یونٹ مئی میں فعال ہوگا۔

منصوبے کے پہلے یونٹ سے پیدا ہونے والی 36 میگا واٹ بجلی چترال اور اس سے ملحقہ علاقوں کو فراہم کی جائے گی جبکہ 108 میگا واٹ بجلی 20 اگست 2018 تک قومی نظام میں شامل ہوجائے گی۔

اس منصوبے کی تکمیل سے قومی خزانے کو 3 ارب 70 کروڑ روپے کا سالانہ فائدہ ہوگا اور توانائی کے بحران کے خاتمے سمیت 3 گنا اضافی بجلی پیدا ہوگی جبکہ نیشنل گرڈ کو سالانہ 436 میگا واٹ بجلی فراہم ہوگی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری