سرینگر کے حساس علاقوں میں بھارتی فورسز کی قدغن، پلوامہ میں شبانہ چھاپے، 5 شہری گرفتار


سرینگر کے حساس علاقوں میں بھارتی فورسز کی قدغن، پلوامہ میں شبانہ چھاپے، 5 شہری گرفتار

بھارتی حکام نے سنیچر کو سرینگرمیں ممکنہ عوامی احتجاج کو روکنے کے لئے شہر کے حساس علاقوں میں قدغن لگادی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر آج وادی میں ہڑتال کی جارہی ہے۔ یہ ہڑتال قیدیوں کو وادی سے باہر کی جیلوں میں منتقل کرنے اور ایک سینئر مزاحمتی کارکن یوسف ندیم کے قتل کے حالیہ واقعہ کے خلاف کی جارہی ہے۔

بھارتی حکام نے آج سرینگر شہر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لاتے ہوئے لوگوں کی نقل و حرکت روک دی ہے۔ ان علاقوں میں سڑکوں پر متعدد مقامات پر خار دار تاریں بچھادی گئی ہیں، تاکہ گاڑیوں اور راہ گیروں کی آمد و رفت ناممکن بنا دی جائے۔

اس دوران ہڑتال کے نتیجے میں وادی میں آج معمول کی زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔ ادھر فورسز نے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں متعدد مقامات پر چھاپے مار کر پانچ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فورسز نے پلوامہ کے کریم آباد علاقے کو محاصرے میں لیتے کے بعد مختلف گھروں پر چھاپے مارے اور پانچ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

مقامی لوگوں نے فورسز پر توڑ پھوڑ مچانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ فورسز نے حزب جنگجو نصیر پنڈت کے گھر میں توڑ پھوڑ مچائی اور ان کے عزیز و اقارب کو ہراسا ں کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ نوجوان فورسز پر پتھراﺅ میں ملوث رہے ہیں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری