مشرقی افغانستان میں داعش کے زیرقبضہ علاقے میں اجتماعی قبر دریافت


مشرقی افغانستان میں داعش کے زیرقبضہ علاقے میں اجتماعی قبر دریافت

مشرقی افغانستان میں صوبہ ننگرہار کے حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے زیرقبضہ علاقے میں ایک اجتماعی قبر دریافت کی گئی ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مشرقی افغانستان میں صوبہ ننگرہارکے حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے زیرقبضہ علاقے  کے ''اچین'' نامی شہر میں ایک اجتماعی قبردریافت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشرقی افغانستان میں داعش کے زیر کنٹرول علاقے ''مہمند ویلی'' کے شہر اچین میں داعشی دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی ایک اجتماعی قبر دریافت کی گئی ہے جس سے اب تک 9 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

مہمند ویلی کے حکام کا کہنا ہے کہ تقریبا 18 مہینے پہلے ''کوٹ'' نامی شہر کے 12 بزرگوں کو داعشی دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا جن کو گولیاں مارکر ہلاک کیا گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں اس سے قبل داعش سے وابستہ مسلح افراد نے 10 افراد کو بم کے ذریعے اڑانے کی ویڈیو جاری کی تھی جس پر طالبان نے سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا۔

ویڈیو میں کہا جارہا تھا کہ ان افراد کو طالبان کے ساتھ تعاون کرنے کے جرم میں دھماکے سے اڑایا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ طالبان نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود غیر ملکی افواج مکمل طور پر داعش کی حمایت کررہی ہیں جس کی وجہ سے افغانستان میں داعش کی سرگرمیوں میں آئے روز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

طالبان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ داعش کے خاتمے کے لئے غیر ملکی افواج پر دباؤ ڈالے۔

طالبان کا افغان حکام اور غیرملکی افواج پر الزام عائد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ افغانستان میں داعش کو پروان چڑھانے والے غیرملکی فوج اور افغان حکام ہی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ امریکی فوج پر داعش کی حمایت کرنے کے الزامات عائد کئے جاچکے ہیں، طالبان سمیت افغان شہریوں کا کہنا ہے کہ افغانستان کو ایک منظم پلاننگ کے تحت داعش کے حوالے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

حال ہی میں افغان پارلیمنٹ میں صوبہ قندھار کے رکن لالی حمید زئی نے افغان قومی سلامتی کونسل کے سربراہ «معصوم استانکزئی» پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ  افغانستان میں داعش کی پرورش کرنے میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ روس اور ایران سمیت دنیا کے مختلف سیاسی ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کی بدترین شکست کے بعد داعشی دہشت گرد افغانستان منتقل ہوسکتے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری