پاک بھارت سرحد پر کشیدگی جاری، ایک پاکستانی بچہ شہید، دو بھارتی فوجی ہلاک


پاک بھارت سرحد پر کشیدگی جاری، ایک پاکستانی بچہ شہید، دو بھارتی فوجی ہلاک

پاکستان آرمی نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ بچے کی شہادت پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے پوسٹ تباہ کردیا، دو فوجی ہلاک۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان آرمی نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ بچے کی شہادت پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے پوسٹ تباہ کردیا جس کے نتیجے میں دو بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بچے کی شہادت کے بعد بھارتی پوسٹ کو نشانہ بنا کر پوری طرح تباہ کردیا جس کے نتیجے میں بھارت کے دو فوجی ہلاک ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے کوٹلی ضلع کے علاقے جنجوٹ بہادر گاؤں میں بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ آیان شہید ہوگیا تھا۔

انہوں نے بچے کی تصویر شائع کرتے ہوئے لکھا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے پیلٹ گن کا استعمال اور معصوم نہتے شہریوں کو لائن آف کنٹرول پر نشانپ بنانا، اس کا اصل چہرہ عیاں کرتا ہے۔

خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی (سیز فائر) معاہدے کی خلاف ورزی کے واقعات اکثر رونما ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری