احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، نواز شریف


احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، نواز شریف

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کا آخر تک ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امرا رائے ونڈ میں پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، سینیٹ الیکشن، پارٹی امور، عام انتخابات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ کیا اور نہ ہی آئندہ کریں گے، جمہوریت، آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، احتساب کے نام پر ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ ملک میں احتساب کے نام پر کیا ہو رہا ہے، ہمارا دامن صاف ہے اس لیے ہم کسی سے خوف زدہ نہیں ہوں گے بلکہ تمام حالات اور اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، ن لیگ کی حکومت نے ہرطرح کی مشکلات کے باوجود ملک و قوم کے مفاد ات کو ترجیح دی ہے آئندہ عام انتخابات میں عوام کی عدالت میں جائیں گے اور سرخرو ہوں گے۔

ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت کے لیے جاری اجلاس میں سیاسی امور پرمشاورت کے لیے مرکزی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نیب مقدمات پر آئین وقانون کے مطابق بھرپور جنگ لڑنے کی بھی حکمت عملی طے کی گئی، آئندہ عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پارلیمانی بورڈ اور الیکشن سیل بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں سعد رفیق، پرویز رشید، مصدق ملک، زاہد حامد، حمزہ شہباز اور دیگر شریک تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری