یمن پر سعودی اتحادی فوج کے وحشیانہ حملے جاری، 20 نہتے یمنی شہید


یمن پر سعودی اتحادی فوج کے وحشیانہ حملے جاری، 20 نہتے یمنی شہید

یمن پر آل سعود کے اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے وحشیانہ بمباری کرکے کم از کم 20 یمنی مسلمانوں کو شہید کردیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے المیادین کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ کے آل عمار نامی علاقے پر بمباری کرکے 15 نہتے مسلمانوں کو شہید کردیا ہے۔

جنوب مغربی تعز میں بھی بمباری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 5 نہتے مسلمان جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔

دوسری جانب یمنی سرکاری فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے مفرور صدر عبدربہ ہادی کے اہلکاروں کے خلاف راکٹ حملے کئے ہیں جس کے نتیجےمیں متعدد سعودی حمایت یافتہ اہلکار ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔

یمنی ذرائع کے مطابق مفرور صدر کے اہلکاروں کی ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرائی ہے جس میں کئی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ قوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف کا کہنا ہے کہ یمن میں جاری سعودی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 5 ہزار بچے مارے جاچکے ہیں جبکہ 18 لاکھ بچے خوراک کی شدید کمی کا شکار ہیں۔

یونیسف کی رپورٹ کے مطابق سعودی جارحیت کے نتیجے میں بیس لاکھ کے قریب بچے اسکول نہیں جا پارہے جبکہ کئی برسوں سے جاری تشدد اور جنگ کی وجہ سے اس ملک کے بچے نہ صرف خوف میں مبتلا ہیں بلکہ وہ مختلف بیماریوں، غربت اور شدید خوراک کی کمی کا بھی شکار ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت میں مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس میں اب تک تیس ہزار سے زائد یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

سعودی عرب کی جانب سے اس غریب عرب ملک کے جاری محاصرے کی بنا پر اس ملک میں غذائی اشیا کے علاوہ ادویات کی بھی شدید قلت ہے اور اس وجہ سے بھی عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری