شمالی افغانستان میں اہم چیک پوسٹ پر طالبان کا قبضہ


شمالی افغانستان میں اہم چیک پوسٹ پر طالبان کا قبضہ

شمالی افغانستان کے صوبے فاریاب میں طالبان نے حملہ کرکے اہم سیکورٹی چیک پوسٹ پر قبضہ کرلیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی افغانستان کے صوبے فاریاب کے علاقے دولت آباد میں طالبان نے حملہ کرکے اہم سیکورٹی چیک پوسٹ پر قبضہ کرلیاہے۔

تفصیلات کے مطابق طالبان کے حملے میں دو سیکورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ چیک پوسٹ کا کنڑول طالبان نے سنبھال لیا ہے۔

دولت آباد کے پولیس کمانڈر «نعمت‌الله توفان» کا کہنا ہے کہ دسیوں طالبان جنگجوؤں نے شہر کے اہم چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں خیرآباد نامی گاوں کے اہم چیک پوسٹ پر ان کا قبضہ ہوگیا ہے جبکہ حکومتی اہلکاروں کو بے دخل کردیا گیا ہے۔

فاریاب کےصوبائی کونسل کے رکن «عبدالاحد ایلبیک» کا کہنا ہے کہ یہ چیک پوسٹ حکومت کے لئے نہایت اہم تھا تاہم حکومت کی جانب سے وقت پر مدد نہ ہونے کی وجہ سے طالبان نے قبضہ کرلیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دولت آباد کے 60 دیہاتوں پر طالبان کا قبضہ ہے، حکومت کے کنٹرول میں صرف پانچ گاوں باقی رہ گئے ہیں اور اگر حکومت نے کوئی خاطرخواہ کارروائی نہ کی تو ان دیہاتوں پر بھی بہت جلد طالبان کا قبضہ ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی علاقے میں طالبان نے افغان سیکورٹی فورسز پر حملہ کرکے 20 بکتربند گاڑیوں سمیت مختلف قسم کے جنگی ساز و سامان پر قبضہ کرلیا تھا۔

دوسری جانب افغانستان کے صوبہ فراہ میں بھی طالبان کے حملوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور کابل حکومت بے بس نظر آرہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے طالبان نے اسی صوبے میں راکٹ حملے کئے تھے جس میں کم ازکم 5 اطالوی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل طالبان نے صوبہ فراہ میں چیک پوسٹوں پر حملہ کرکے 24 افغان اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔

فراہ صوبے کے گورنر کا کہنا تھا کہ اطالوی فوج اور افغان سیکورٹی فورسز طالبان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف جامع آپریشن کی تیاری کررہے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری