کشمیری قیدیوں کو بیرون ریاست منتقل کرنے کے خلاف 7 مارچ کو ہڑتال کی اپیل

کشمیری قیدیوں کو بیرون ریاست منتقل کرنے کے خلاف 7 مارچ کو ہڑتال کی اپیل

مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت نے محبوس مزاحتمی قائدین کو وادی سے باہر کی جیلوں میں منتقل کرنے کی حکومتی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی غیر انسانی، غیر جمہوری، غیر قانونی اور انتقام گیری سے عبارت کارروائیوں کیخلاف بدھ 7 مارچ کو پورے جموں و کشمیر میں ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے محبوس مزاحتمی قائدین کو وادی سے باہر کی جیلوں میں منتقل کرنے کی حکومتی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جارہے اس غیر انسانی، غیر جمہوری، غیر قانونی اور انتقام گیری سے عبارت کارروائیوں کیخلاف بدھ 7 مارچ کو پورے جموں کشمیر میں ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ طویل عرصہ سے قیام اسیری کاٹ رہے چند قیدیوں کو بیرون ریاست منتقل کرنے کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو تمام مسلمہ قانونی، اخلاقی اور جمہوری تقاضوں کے منافی قرار دیتے ہوئے حکمرانوں کے اس طرز عمل کو سراسر انتقام گیرانہ قرار دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی ہائی کورٹ کے ڈبل بنچ کے واضح احکامات ہیں کہ مزاحمتی قائدین قاسم فکتو اور شفیع شریعت کو سرینگر سے کسی دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جاسکتا لیکن اس کے باوجود عدلیہ کے احکامات کو پس پشت ڈال کر ریاستی حکمران عدالتی احکامات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے محض دہلی میں بیٹھے اپنے آقاﺅں کی خوشنودی کیلئے تمام حدود کو فلانگنے سے گریز نہیں کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سرینگر سینٹرل جیل سے قیدیوں کو نکال کر باہر کی جیلوں میں منتقل کرنا ہر لحاظ سے ریاستی دہشت گردی کے مترادف ہے۔

قائدین نے حقوق بشر کے عالمی اداروں، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیاءواچ اور آئی سی آر سی کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ ہورہی بدترین نا انصافیوں کو انتقام گیری سے عبارت کارروائیوں کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کو ریاستی اور بھارتی حکمرانوں کے شدید عتاب و عذاب سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

قائدین نے کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ رواں رکھے جارہے اس غیر انسانی، غیر جمہوری، غیر قانونی اور انتقام گیری سے عبارت کارروائیوں کیخلاف بدھ 7 مارچ کو پورے جموں کشمیر میں ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری