وائس آف کاروان سالار پاکستان: رہبر انقلاب کے عاشق ہیں لیکن لاہور میں ایرانی قونصلیٹ بطور ٹریول ایجنسی کام کررہا ہے + تصویر


وائس آف کاروان سالار پاکستان: رہبر انقلاب کے عاشق ہیں لیکن لاہور میں ایرانی قونصلیٹ بطور ٹریول ایجنسی کام کررہا ہے + تصویر

فیصل آباد اور ملتان میں وائس آف کاروان سالار پاکستان نے امام خامنہ ای کی تصاویر اٹھاتے ہوئے زائرین کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایرانی حکام کی توجہ دلانے کیلئے احتجاج کرکے ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں لاہور میں ایرانی قونصلیٹ کی جانب سے جاری کردہ نئی ویزا پالیسی پر شدید تنقید کی گئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وائس آف کاروان سالار پاکستان کے عہدیداران نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قونصل خانہ لاہور کا نا روا رویہ زائرین کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے، بلاوجہ کی لگائی جانے والی پابندیاں مقامات مقدسہ کے لئے جانے والے زائرین کو زیارات سے روکنے کے مترادف ہے، ایک مخصوص مافیا ہے جو زائرین کے ویزہ میں بلا جواز، غیرشرعی اور غیر قانونی پابندیاں عائد کررہے ہیں تاکہ پاکستانی نوجوان اور خواتین ایرانی کلچر سے دور رہیں اور اسلامی تعلیمات سے روشنائی ان تک نہ پہنچے۔ 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام کاروان سالاروں کو ڈبل انٹری لسٹ ویزہ کے اجراء کا حکم دیا جائے تاکہ تمام زائرین سکون کے ساتھ زیارات مقامات مقدسہ کا شرف حاصل کرسکیں۔ اس اقدام سے قونصلیٹ ویزہ سیکشن کا کام بہت حد تک آسان ہوجائے گا اور بروقت ویزہ جاری ہوسکے گا۔

صدر مظہر عباس بھروانہ، جنرل سیکرٹری شہریار بخاری، سید فرحت عباس، بابا قاسم، ملک ہاشم رضا سمیت درجنوں عہدیداران نے ارباب اختیار سے استدعا کی ہے کہ فیالفور اس انتہائی اہم معاملہ پر ایکشن لیا جائے اور ان تمام پابندیوں کو ختم کرتے ہوئے زائرین کے ویزہ حصول اور مقصد زیارات کے درمیان تمام رکاوٹوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ وائس آف کاروان سالار پاکستان نے ملتان شہر میں بھی ہنگامی پریس کانفرنس بلاکر زائرین کے مسائل کو حکام بالا تک پہنچانے کی کوشش کی۔

احتجاج کے دوران سالاروں نے ہاتھوں میں بینرز اور امام خامنہ ای کی تصاویر اٹھائی ہوئی تھیں اور رہبر معظم انقلاب اسلامی سے زائرین کے مسائل حل کرنے کی استدعا کررہے تھے۔ 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری