داعش پاکستان کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار


داعش پاکستان کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار

اعلان شدہ نئی داخلہ سیکوریٹی پالیسی کے مطابق کالعدم دہشتگرد تنظیم داعش کو پاکستان کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ قراردیا گیا ہے،افغانستان میں پاکستانی سرحد کے ساتھ بڑا اجتماع ہونے کی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں ادارہ تسنیم: سیکیورٹی پالیسی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی کئی شاخیں اور داعش کے دہشتگرد شام اور عراق سے واپس آ کرافغانستان میں پاکستانی سرحد کے ساتھ جمع ہو رہے ہیں۔

87 صفحات پر مشتمل نئی داخلی سیکیورٹی پالیسی کی دستاویزات کے مطابق کالج اور یونیورسٹی سطح پر بڑھتی ہوئی انتہاپسندی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہےجبکہ مدرسوں میں اصلاحات کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

نئی داخلی سیکیورٹی پالیسی میں مساجد اور مدارس میں خطیب، امام اور اساتذہ کو جدید علوم کی طرف راغب کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

نئی پالیسی کے تحت دہشتگردوں کے بچوں اور خاندانوں کی بحالی سمیت بنیاد پرستی کی روک تھام کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

مسلح گروہوں اور دہشتگرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والوں پر سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی۔

دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجوہات پرتحقیق کے لیے وزارت داخلہ میں ریسرچ سینٹر بھی بنایا جائے گا۔

سن 2017 کی ایک رپورٹ کے مطابق داعش کا اثر پاکستان میں بڑھ رہا ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران دہشت گردی کی 6 بڑی کارروائیاں ہوئیں جن میں 153 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ان حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی۔

پی آئی پی ایس نامی ایک ادارے کی جانب سے پیش کی گئی ایک رپورٹ کا کہناہے کہ داعش پاکستان میں خصوصاً شمالی سندھ اور بلوچستان میں اپنے قدم جما رہی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سال2017 داعش نے 6 خطرناک دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کی تھی جن میں سینیٹ کےسابق ڈپٹی چیئرمین عبد الغفور حیدری کی گاڑی پر حملہ، سہون شریف میں لال شہباز قلندر کے مزار پر حملہ، لسبیلہ میں شاہ نورانی کے مزار پر حملہ، کوئٹہ میں چرچ حملہ، فتح پور میں درگاہ پیر رکھیال شاہ پر حملہ اور دو چینی باشندوں کے اغوا اور قتل کے واقعات میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سہون میں حملہ کرنے والا خودکش بمبار کا تعلق لال مسجد کے مولوی عبدلعزیز سے تھا جو ان کا رشتہ دار تھا جبکہ لال مسجد کی طالبات پہلے ہی وڈیو پیغام میں داعش کے سرغنہ کے ساتھ نام نہاد بیعت کا اعلان کرچکیں ہیں۔

اہم ترین مقالات خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری