چوہدری نثار نے دہشتگردی کیخلاف آپریشن کا سہرا اپنے سر سجادیا


چوہدری نثار نے دہشتگردی کیخلاف آپریشن کا سہرا اپنے سر سجادیا

سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا اس بیان کیساتھ کہ کراچی آپریشن فوج یا نواز شریف نے نہیں بلکہ میں نے شروع کیا، کہنا تھا کہ تین آرمی چیف گواہ ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میرا کردار کیا تھا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن فوج یا نواز شریف نے نہیں میں نے شروع کیا، وزیر داخلہ بنا تو فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا، جنرل راحیل شریف اور موجودہ جنرل اس بات کے گواہ ہیں۔

حلقہ این اے 59 کے علاقہ جٹھہ ہتھیال میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگست کے پرانے اخبارات کو اٹھا کر دیکھ لو کراچی کا آپریشن کس نے شروع کیا۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں نے جعلی شناختی کارڈ بلاک کیے، پاکستان میں غیر متعلقہ لوگوں کا داخلہ بند کروایا، مدرسوں کا کیس لڑا اور کہا کہ مدرسوں میں دہشت گردی نہیں ہوتی۔

سابق وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ دہشت گردی کے تانے بانے کہیں اور سے ملتے ہیں، میری سیاست اسلام پسند رہی ہے، ہر داڑھی والا دہشت گرد نہیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ہمیشہ سچ بولا، جنرل ضیاء، جنجوعہ اور میاں نواز شریف کے سامنے بھی سچ بولا، میں نے کبھی خوشامد نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں جھوٹ، منافقت اور کرپشن ہے، میرا دامن اس گند سے صاف ہے، ساری عمر اصولوں پر سیاست کی عمر کے اس حصے میں اصول کیسے توڑ دوں۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ سارک کانفرنس میں بھارتی وزیرداخلہ کی تقریر کے دوران مجھے بولنے سے منع کیا گیا تھا مگر اس کو ایسی سنائی کہ وہ دوبارہ کانفرنس میں نہیں آیا۔

چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ میرے مقابلے میں کوئی ٹکٹ والا ہو یا بے ٹکٹا اسے شکست فاش ہوگی، علاقے کی محرومیاں دور کرنے کبھی نواز شریف یا زرداری نہیں آیا۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اصولوں کی بنیاد پر وزارت داخلہ سے استعفی دیا، تین آرمی چیف گواہ ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میرا کردار کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری