وفاقی کابینہ کا اجلاس، نوازشریف کے اوپن ٹرائل کی منظوری دئیے جانے کا امکان


وفاقی کابینہ کا اجلاس، نوازشریف کے اوپن ٹرائل کی منظوری دئیے جانے کا امکان

نگراں وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نواز شریف کے اوپن ٹرائل کے فیصلے کی منظوری دئے جانے کا امکان ہے جبکہ  العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی جیل ٹرائل سے متعلق نوٹی فیکشن واپس لینے کی منظوری بھی دی جائے گی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق نگران وزیراعظم ناصر الملک کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں تمام وفاقی وزراء شریک ہیں۔

کابینہ اجلاس میں نوازشریف کے اوپن ٹرائل کے فیصلے کی منظوری دے جائے گی اور العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی جیل ٹرائل سے متعلق نوٹی فیکشن واپس لینے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور انتخابات کے عمل کو شفاف بنانے کے اقدامات کو حمتی شکل دی جائے گی جبکہ منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات اور ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر غور ہوگا۔

بینکنگ کورٹ ٹو لاہور کے جج کی تعیناتی اور چیئر مین پورٹ قاسم کو اضافی ذمہ داریاں دینے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

نگران وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں کابینہ کو ملک میں امن و امان کی صورتحال اور حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر بریفنگ دی جائے گی۔

کابینہ سپریم کورٹ کے دیامر بھاشا ڈیم فنڈ کیلیے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی منظوری دے گی اور فاٹا اور پاٹا کو وفاقی ٹیکسوں سے استثنی کی منظوری بھی دی جائے گی۔

اجلاس میں پبلک سروس کمیشن آرڈیننس کے تحت سی ایس ایس ایگزمینشن رولز کی بھی منظوری دی جائے گی۔

گذشتہ روز العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کے معاملے پر نواز شریف کا ٹرائل اوپن کورٹ میں کرنے اور جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری کے بعد  وزارت قانون و انصاف نے اعزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کے جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا ۔

خیال رہے کہ  ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ  نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو 11، مریم نوازکو 8 اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید سنائی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری