پاکستان: بھارتی جاسوس کے معاملے پر عالمی عدالت میں پاکستان کا کیس مضبوط ہے


پاکستان: بھارتی جاسوس کے معاملے پر عالمی عدالت میں پاکستان کا کیس مضبوط ہے

دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت آج تک عالمی عدالت انصاف میں بلوچستان سے گرفتار اپنے جاسوس کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات کا جواب نہیں دے سکا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بلوچستان سے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس خود بھارت، عالمی عدالت انصاف میں لے کر گیا تھا جبکہ بھارت، آج تک پاکستان کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات کا جواب نہیں دے سکا ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجام دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد نے حال ہی میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں کلبھوشن یادیو کی تمام دہشت گردی کی کاروائیوں کی تفصیلات عالمی عدالت میں پیش کی ہیں تاہم اسی وجہ سے بھارت آج تک ہماری فراہم کردہ تفصیلات کا جواب نہیں دے سکا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نہیں بتا سکا کہ کلبھوشن یادیو کے پاس حسین مبارک کے نام کا پاسپورٹ کہاں سے آیا؟ اگر وہ پاسپورٹ جعلی تھا تو کلبھوشن نے اس سے 17 مرتبہ سفر کیسے کیا؟

ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کیا کہ اگر کلبھوشن یادیو بھارتی نیول سے ریٹائر ہو چکا تھا تو اس کے ریٹائرمنٹ تفصیلات شیئر کی جانی چاہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو ہم نے اپنی سرزمین سے پکڑا ہے، کلبھوشن کا اعترافی بیان بھی سب کے سامنے ہے۔

پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حملوں سے قوم اداس ہے تاہم پاکستان دہشت گردوں کے حملوں سے خوفزدہ ہونے والا نہیں۔

اس حوالے سے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ملک میں جمہوری انتخابی عمل جاری رہے گا اور پاکستان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ نے بھارت کو بے نقاب کر دیا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے 23 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی مقبوضہ کشمیر پر رپورٹ کی حمایت بھارت کے لیے ایک دھچکا ہے۔

مکہ میں علماء کانفرنس سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ طالبان کے او آئی سی کانفرنس میں علماء کے فتوی پر ردعمل کے حوالے سے تبصرہ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ’پاکستان کا موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل مفاہمت اور بات چیت سے تلاش کیا جانا چاہیے تاہم افغانستان میں طالبان سے امریکی مذاکرات میں امریکی انخلاء بھی ایجنڈے پر ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ گلگت بلتستان، جموں اور کشمیر کا حصہ ہے، جب بھی جموں اور کشمیر کے حوالے سے استصواب رائے ہوگا گلت بلتستان کے عوام سے بھی رائے لی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی اس سے بڑھ کر کیا ہو گی کہ اقوام متحدہ ایک پوری انسانی حقوق کی رپورٹ جاری کرتا ہے۔

ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کے حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے یورپی یونین کے سفیر کو بلا کر تشویش کا اظہار کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروادیا ہے۔

دفتر خارجہ نے ایون فیلڈ جائیداد ضبط کرنے کے معاملے پر عدالتی فیصلے سے لاعلم ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں کہ برطانیہ میں شریف خاندان کی جائیداد ضبط کرنے سے متعلق کس ادارے نے کارروائی شروع کرنی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری