اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں ایک اور فلسطینی شہید


اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں ایک اور فلسطینی شہید

فلسطین میں قابض صیہونی فورسز نے فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فلسطین میں ظلم وبربریت کی انتہا کرنے والے اسرائیلی فورسز نے آج ایک اور نہتے فلسطینی کی جان لے لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں فضائی حملہ کیا جس کے باعث ایک فلسطینی شہری شہید ہوا، غزہ کی وزارت صحت نے بھی فلسطینی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے علاقے رفاہ میں بھی فضائی کارروائی کی گئی تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ تین فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔

دوسری جانب گذشتہ دنوں ایک فلسطینی اسرائیلی حملے میں شدید زخمی ہوا تھا جس کی شہادت کل واقع ہوئی، 24 سالہ داؤد یروشلم کے سینٹ جوزف اسپتال میں زیر علاج تھا تاہم ہر ممکن اقدامات کے باوجود وہ جانبر نہیں ہوسکا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے غزہ میں غاضب اسرائیلی فوج نے پولیس اور سیکیورٹی کمپاؤنڈ کے قریب ایک زیر تعمیر عمارت پر 4 بم گرائے جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے چار نہتے فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیا تھا۔

واضح رہے کہ 2014ء میں اسرائیلی افواج نے غزہ کی ساحلی پٹی پرشدید بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 2 ہزار 2 سو زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری