دہشتگردوں کا ایران کے سرحدی چیک پوسٹ پر حملہ، سپاہ پاسداران کے 10 اہلکار شہید


دہشتگردوں کا ایران کے سرحدی چیک پوسٹ پر حملہ، سپاہ پاسداران کے 10 اہلکار شہید

انقلاب مخالف دہشتگردوں نے گزشتہ رات صوبہ کردستان کے سرحدی علاقے "مریوان" کے گاوں "دری" کے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے سپاہ پاسداران کے دس اہلکاروں کو شہید کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے تعلقات عامہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ انقلاب مخالف دہشتگرد عناصر نے گزشتہ شب صوبہ کردستان کے سرحدی علاقے مریوان کے ایک گاوں "دری" پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں سپاہ کے دس اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی استکبار سے وابستہ انقلاب مخالف شرپسند عناصر نے حمزہ سید الشہداء چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سپاہ کے دس اہلکار شہید ہوئے۔

 سپاہ پاسداران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جھڑپ میں متعدد دہشتگرد بھی مارے گئے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اس بیان میں سیکورٹی فورسز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ انقلاب مخالف شرپسند عناصر جن کا صوبہ کردستان کے غیور عوام کے اندر کوئی جگہ نہیں ہے، انقلاب اسلامی کے شجاع سپاہیوں کی جانب سے اس حملے کے انتقام کا انتظار کریں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری