پاکستان بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے


پاکستان بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

پاکستان بھرمیں یومِ آزادی روایتی جوش وخروش اورجذبے سے منایا جارہاہے۔ ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اورراستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان بھر میں جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

یوم آزادی کے دن کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد میں توپوں کی سلامی ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

ملک بھر میں صبح 8 بجکر 58 منٹ پرسائرن بجائے گئے اور تحریک پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹریفک رک گیا۔

جناح کنونشن سینٹرمیں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب

یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب جناح کنونشن سینٹراسلام آباد میں جاری ہے۔ صدرممنون حسین اوروزیراعظم ناصرالملک نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدرمملکت ممنون حسین ہیں جبکہ نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، غیرملکی سفیراور دیگراعلیٰ سول وعسکری قیادت بھی اس موقع پرموجود ہے۔

صدرممنون حسین کا خطاب

یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرممنون حسین نے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کو ہمارے جذبے مزید جوان ہوجاتے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ یہ دن امیدوں کے بھر آنے کا دن ہے، یوم آزادی پرسبزہلالی پرچم مزید بلند کرنے کی لگن بڑھ جاتی ہے۔

کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے کیڈٹس نے مزارقائد پرگارڈزکے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور وقار محمد تھے۔

لاہورمیں مزارِ اقبال پر ہونے والی خصوصی تقریب میں پاک فوج کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی جی اوسی لاہورمیجرجنرل شاہد محمود نے نے آرمی چیف کی جانب سے مزاراقبال پرپھول چڑھائے۔

واضح رہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ تقاریب،تقاریرکا اہتمام بھی کیا گیا ہے، گھروں میں بچوں،جوانوں اور بوڑھوں کا جوش و خروش توقابل دید ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری