پنجاب اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا


پنجاب اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا فیصلہ آج ہوجائے گا، تحریک انصاف اور ق لیگ کے امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ اور ن لیگ کے چوہدری اقبال مد مقابل ہوں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پنجاب اسمبلی کے لیے اہم فیصلہ آج ہونے جارہا ہے، چوہدری پرویز الہیٰ تحریک انصاف اور ق لیگ کے امیدوار ہوں گے جبکہ ن لیگ کے چوہدری اقبال میدان میں اتریں گے۔

تحریک انصاف کی جانب سے چوہدری پرویز الہی اسپیکر جبکہ دوست محمد مزاری ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری اقبال گجر سپیکر کے امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 175، مسلم لیگ ق کی 10 ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد پنجاب اسمبلی میں 162، پیپلز پارٹی کی 10 ہے۔

علاوہ ازیں راہ حق پارٹی کا ایک رکن جبکہ 3 آزاد ارکان ہیں جبکہ 3 حلقوں میں نتیجہ زیر التوا اور 3 میں الیکشن روکے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کی 7 سیٹیں ارکان کے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے باعث خالی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا، قومی اسمبلی کے اراکین17اگست کو نئے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے، اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے17اگست کو ہونے والے اجلاس کے دوران قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، جس کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری