کراچی میں سیکیورٹی فورسز کی شرپسندوں کے خلاف کارروائی جاری، مزید14 ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار


کراچی میں سیکیورٹی فورسز کی شرپسندوں کے خلاف کارروائی جاری، مزید14 ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار

پولیس نے کراچی کےمختلف علاقوں میں کارروائی کرکے مزید14 شرپسندوں کواسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

 تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کراچی کے مختلف علاقوں میں ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے جس میں متعدد دہشت گرد اسلحہ سمیت گرفتار کئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موچکو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان نوروز اور نور احمد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور 2موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں جبکہ ان کی نشاندہی پر مزید 2موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے دوران موٹر سائیکل بھی چھین لیتے تھےاور بعد ازاں ان موٹر سائیکلوں کوبلوچستان بھیج دیتے تھے،بلدیہ ٹائون پولیس نے 2ملزمان گل محمد اور منور کو گرفتار کر کے 2ریپیٹر برآمد کرلئے۔
بغدادی پولیس نے 2ملزمان عبدالخالد اور آصف کو گرفتار کر کے اسلحہ اورمنشیات برآمد کرلیں۔
کلفٹن پولیس نے 2اسٹریٹ کرمنلز کالو اور ساجد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ہے،سرسید پولیس نے 2اسٹریٹ کرمنلز اللہ دتہ اور مجیب الرحمن کو گرفتار کر کے اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد کرلی،سائٹ اے پولیس نے اسٹریٹ کرمنل افضل کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، سپرمارکیٹ پولیس نے منشیات فروش فرحان کو گرفتار کرلیا جبکہ بریگیڈ پولیس نے 2مفرور ملزمان الطاف اور عقیل احمد کو گرفتار کرلیا۔
خیال رہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے تاہم عوام کا کہنا ہے کہ مزید کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ شہریوں کا شکوہ ہے کہ ملزمان کو محض چند دنوں کے بعد دوبارہ رہا کیا جاتاہے جس کی وجہ سے شرپسند دوبارہ ملک دشمن سرگرمیوں میں مصروف ہوتے ہیں_

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری